شیدا الہ آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں بھی تو سمجھوں کہ وہ کہتے ہیں کیا میرے بعد (غزل)
میں بھی تو سمجھوں کہ وہ کہتے ہیں کیا میرے بعد
دل تو لینا کبھی تم ان کا ذرا میرے بعد
اب وہ کیا کرتے ہیں کر سکتے ہیں کیا میرے بعد
میرے بچوں کی خبر لے گا خدا میرے بعد
بیٹی اللہ تمہیں صبر دے دائی تو چلی
کس کو اب کہہ کے پکاروں گی بوا میرے بعد
وہ مری سوت تھی سب جس کو سمجھتے تھے بہن
کس کو معلوم تھا یہ حال کھلا میرے بعد
حرج ہی کیا ہے بتا دیجئے مجھ کو بھی ذرا
کچھ تو کہتے تھے چچی جان چچا میرے بعد
میں جو مر جاؤں تو بچوں پہ نہ سختی کرنا
رکھنا آرام سے ہونا نہ خفا میرے بعد
اور نندوں کی طرح بھی تو نہیں میں بھابی
تم کو بھیا سے نہ کرنا تھا گلا میرے بعد
تم سلامت رہو دنیا میں دعا ہے یہ مری
بے وفا عمر کرے اور وفا میرے بعد
اس کو کیا کہئے یہ اعمال ہیں اپنے اپنے
مجھ سے پہلے وہ مرا دفن ہوا میرے بعد
کل قیامت کو تمہیں آ کے کروں گی میں سلام
نہ سہی آج تو پاؤ گے سزا میرے بعد
یاد آئے گا بہت تم کو یہ کھانا پینا
پھر کسی شے میں نہ پاؤ گے مزا میرے بعد
اتنا کرنا انہیں میکے مرے پہنچا دینا
سوت کیا رکھے گی بچوں کو بھلا میرے بعد
میں معافی نہ اگر مانگنے پاؤں تم سے
بخش دینا میاں تم میری خطا میرے بعد
ان کو کنبے میں کسی سے نہیں اب کوئی غرض
نہ وفا باقی ہے ان میں نہ جفا میرے بعد
جس قدر چاہے ستا لے مجھے یہ سوت موئی
اس کو بھی آئے گی اک روز قضا میرے بعد
تھام کر عرش خدا سے میں کروں گی فریاد
میرے بچوں پہ جو تم ہو گے خفا میرے بعد
کبھی در سے کبھی دیوار سے ٹکرائیں گے سر
لے کے جب آئیں گے وہ گھر میں دوا میرے بعد
نبض تک میں نے حکیموں کو نہیں دکھلائی
مجھ کو منہ ڈھانک کے روئے گی حیا میرے بعد
کم نہیں آج بھی گو قدر مری اے شیداؔ
نام ہوگا مرا اس سے بھی سوا میرے بعد
نہیں آسان اے بیٹا کوئی انسان کامل ہو (غزل)
نہیں آسان اے بیٹا کوئی انسان کامل ہو
پڑھا لکھا بہت کچھ پھر بھی تم جاہل کے جاہل ہو
کوئی ایسا بھی جورو کی طرف سے نوج غافل ہو
یہ کیسے تم پڑھے لکھے ہو بیٹا کیسے عاقل ہو
بوا مٹی ہے گھر میں سونے چاندی کی اگر سل ہو
مزا تو زندگی کا جب ہے کچھ دولت ہو کچھ دل ہو
بھلا چاول بھی ایسی کوئی نعمت تھی نہ دیتی میں
مری بھتی میں کام آئے بوا گھر میں جو اک تل ہو
وہی ہے دشمن اے باجی جو اچھے وقت میں لپٹے
وہی ہے دوست اے باجی مصیبت میں جو شامل ہو
نکل تو آئی ہو باہر محل سے چھپ چھپا کر تم
کسی کی آنکھ پڑ جائے تو بیگم کیسی مشکل ہو
نوالے کے لئے کتا بھی گھر گھر گھوم پھر آیا
پڑے ہو ہڈیاں ڈالے اجی تم کیسے کاہل ہو
مرے حصے میں کیسے سوت کی تقدیر آ جائے
تمہارے کام کی وہ ہے میاں تم اس کے قابل ہو
اسی کا نام دنیا ہے کوئی اجڑے بسے کوئی
کہیں محلوں میں ماتم ہو کہیں گھورے پہ محفل ہو
فلک پر کس طرح سیڑھی لگا کر کوئی چڑھ جائے
جہاں دیکھو فرشتے کی طرح تم سر پہ نازل ہو
نہ ڈالے بوجھ بیٹی کا خدا دنیا میں دشمن پر
پہاڑ اک سر پہ رکھا ہو بوا چھاتی پہ اک سل ہو
کئے کی لاج مجھ کو ہے کئے کی شرم تم کو ہے
اسی کی میں بھی قائل ہوں اسی کے تم بھی قائل ہو
ابھاریں عورتیں تم کو دبائیں عورتیں تم کو
گریبانوں میں منہ ڈالو موؤ تم اب تو قائل ہو
بڑھوتی میں جوانی کی کہاں سے پھٹ پڑیں نیندیں
کڑی ہے دھوپ سر پر آنکھ کھولو کیسے غافل ہو
کہانی تم نے گیہوں کی جو دستر خوان پر چھیڑی
سبھوں کو ہو گیا دھوکا کہ تم بھی کوئی کامل ہو
تمہاری ریختی میں سہل ہو جاتا ہے سب آکر
کوئی مضمون اے شیداؔ جو مشکل سے بھی مشکل ہو