سال تھا 2023۔ رمضان کی برکتیں سمیٹنے پاکستان آیا ہوا تھا۔
آخری عشرہ ہمیشہ سے دل کے قریب رہا تھا، مگر بچپن میں ایک رات ایسی ہوتی تھی جس کا انتظار پورا سال رہتا تھا: محلے کی مسجد میں تراویح کے دوران ختمِ قرآن کی رات۔
اس دن محلے کے لڑکوں کی خوشی دیدنی ہوتی تھی۔ ہم سب مل کر مسجد کو رنگ برنگی کاغذی جھنڈیوں سے سجاتے، صفائیاں کرتے، غسل کرتے، نئے کپڑے پہنتے اور افطار کے بعد مسجد پہنچ جاتے۔ خوشی ایسی ہوتی جیسے ختمِ قرآن ہم نے خود کیا ہو۔ لوگ اپنی استطاعت کے مطابق چندہ دیتے، مٹھائی، سوٹ، تحفہ، سب اپنی خوشی سے۔
وقت گزرا، بچپن جوانی میں بدلا، اب ہم بھی بچوں کے ابا بن چکے تھے۔ کئی سال بعد پاکستان آیا، قاری صاحب سے پوچھا: “اس سال ختمِ قرآن کس دن ہے؟” فرمایا: “ستائیس رمضان، ان شاء اللہ!” پھر پوچھا: “چندے کی رقم کس کو دینی ہے؟” قاری صاحب نے حیرت سے دیکھا: “کون سا چندہ؟” میں نے مسکرا کر کہا: “وہی جو ہر سال دیا جاتا تھا۔” قاری صاحب نے سانس لی: “عمران صاحب! وہ سلسلہ اب بند ہو چکا ہے۔” میں نے پوچھا: “کیوں؟” بولے: “اسے اب ہمارے ہاں رواج نہیں سمجھا جاتا، اس لیے ختم کر دیا گیا۔”
چند لمحے خاموشی رہی، پھر دھیرے سے بولے: “خود ہی بہت سی چیزیں چھوڑ دیں، اب ہمارے پاس ہے کیا؟” پھر آہستگی سے کہا: “پچھلے سال عید پر محلے والوں نے آٹھ سو روپے دیے تھے، اب بتاؤ، بیوی کو دوں، ماں کو یا بچوں کو؟” ایک ایسا شخص جو پورا سال قرآن پڑھاتا ہے، نمازیں پڑھاتا ہے، جنازوں میں شریک ہوتا ہے، مگر عید کے دن اس کے گھر میں صرف آٹھ سو روپے ہوتے ہیں۔
میں نے سوچا، ہم نے شاید کچھ رسومات ختم کر دیں، مگر محبت اور تعاون کا متبادل نظام نہ بنایا۔ میں نے ارادہ کیا کہ عید پر محلے والوں کو امام صاحب اور ان کے گھر والے کو بھی خوشیوں میں شامل کرنے کی دعوت دوں، کوئی بوجھ نہیں، کوئی زبردستی نہیں، صرف محبت اور استطاعت کے مطابق۔
عید کے دن مسجد کے باہر خوبصورت منظر بنا۔ لوگ بچوں کے ساتھ امام صاحب سے عید ملنے آ رہے تھے۔ کوئی عیدی، کوئی تحفہ، کوئی مٹھائی کا ڈبہ، کوئی صرف گلے مل رہا تھا۔ امام صاحب کے چہرے پر مسکراہٹ تھی۔ کئی برس بعد ان کی عید واقعی عید بنی تھی۔ میں دور کھڑا سوچ رہا تھا، دین ہمیں عبادت کے ساتھ انسانوں کے حقوق، عزتِ نفس اور ضرورت کا خیال رکھنا بھی سکھاتا ہے۔
غیر ضروری رسومات سے اجتناب اپنی جگہ، مگر کسی کی خوشیوں کا خیال رکھنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ آخر میں ذہن میں بس ایک سوال گونج رہا تھا: کیا ہم نے رسومات ختم کرتے کرتے محبت اور خلوص کی روایت تو نہیں بھلا دی؟
عنوان : چھوٹے امام کا درد
تحریر: محمد عمران
نوٹ: یہ تحریر انتخاب سخن ممبر جناب محمد عمران صاحب کی طرف سے موصول ہوئی ہے ۔ خیالات و نظریات ان کے ذاتی ہیں ۔۔۔ انتخاب سخن اس تحریر پہ کسی ئقسم کے جملہ و حقوق نہیں رکھتا۔۔۔