پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بہت مصروف رہنا بھی خدا کی ایک نعمت ہے ھُجومِ دوست…

بہت مصروف رہنا بھی
خدا کی ایک نعمت ہے

ھُجومِ دوستاں ہونا, کسی سنگت کا مِل جانا,
کبھی محفل میں ہنس لینا, کبھی خَلوَت میں رو لینا
خدا کی ایک نعمت ہے

کبھی تنہائی ملنے پر, خود اپنا جائزہ لینا,
کبھی دُکھتے کسی دل پر, تَشَفّی کا مرہم رکھنا
خدا کی ایک نعمت ہے

کسی آنسو کو چُن پانا کسی کا حال لے لینا,
کسی کا راز ملنے پر, لبوں کو اپنے سِی لینا
خدا کی ایک نعمت ہے

کسی بچے کو چھُو لینا, کسی بُوڑھے کی سُن لینا
کسی کے کام آ سکنا کسی کو بھی دُعا دینا..
خدا کی ایک نعمت ہے

کسی کو گھر بلا لینا, کسی کے پاس خود جانا,
نگاہوں میں نمی آ نا, بِلا کوشش ہنسی آنا
خدا کی ایک نعمت ہے

تلاوت کا مزہ آ نا, کوئی آیت سمجھ پانا
کبھی سجدے میں رو لینا کسی جنت میں کھو جانا.
خدا کی ایک نعمت ہے

( امجد اسلام امجد)

انتخاب :-: ابوالحسن علی ندوی