پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کیسے معنی کی قبا رشتوں کو پہنائی گئی؟ ایک ہی لمحے …

کیسے معنی کی قبا رشتوں کو پہنائی گئی؟
ایک ہی لمحے میں برسوں کی شناسائی گئی

ہر در و دیوار پر بچپن جوانی نقش تھے
کب مرے گھر سے مرے ماضی کی دارائی گئی؟

اِس قدر اونچی ہوئی دیوارِ نفرت ہر طرف
آج ہر انسان سے انساں کی پذیرائی گئی

ہر نیا دن دھوپ کی کرنوں سے تپ کر آئے ہے
جسم سے ٹھنڈک گئی، آنکھوں سے بینائی گئی

اب کہاں وہ مستیاں، سرگوشیاں، گُل ریزیاں؟
دامنِ صحرا سے جو آئی تھی پُروائی ، گئی

وقت کی سوغات ہے، نہ ہم ہیں ہم، نہ تم ہو تم
ذہن سے سوچیں گئیں، ہونٹوں سے سچّائی گئی

آج پھر ہے حکمرانی تِیرگی کی ہر طرف
روشنی اک پل کو صابرؔ آئی ، اور آئی گئی

(صابرؔ ادیب)

انتخاب :-: ابوالحسن علی ندوی