پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اے ڈی اظہر کی غزلیں — A D Azhar Ghazals

اے ڈی اظہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ بات ان کی طبیعت پہ بار گزری ہے (غزل)

یہ بات ان کی طبیعت پہ بار گزری ہے

کہ زندگی مری کیوں خوشگوار گزری ہے

خوشی سے زندگیٔ غم گزارنے والو

خزاں تمہارے ہی دم سے بہار گزری ہے

نہیں اٹھائے ہیں اپنوں کے بھی کبھی احساں

ہزار شکر کہ بیگانہ وار گزری ہے

دل غریب کو گھر کا ہوا نہ چین نصیب

اسے تو عمر سر رہ گزار گزری ہے

نشیمن اپنا ہے پھر برق و باد سے سرشار

نئی بہار بھی کیا سازگار گزری ہے

کوئی مسرت لذت مجھے نہ درد کا غم

مری تو زیست ہی مستانہ وار گزری ہے

یہ سادگی تو ذرا دیکھیے وہ پوچھتے ہیں

کہ زندگی تری کیوں بے قرار گزری ہے

میں اپنے دعوائے الفت سے آج باز آیا

گزر گئی ہے مگر شرمسار گزری ہے

ہمیں دعویٰ تھا دیکھیں گے وہ کیونکر یاد آتے ہیں (غزل)

ہمیں دعویٰ تھا دیکھیں گے وہ کیونکر یاد آتے ہیں

رگ جاں بن گئے ہیں اب فزوں تر یاد آتے ہیں

خفا تو مجھ سے رہتے ہیں مگر رہتے ہیں دل میں بھی

میں اکثر بھولتا ہوں اور وہ اکثر یاد آتے ہیں

بتوں کی بندگی ہے شکریہ صانع کی صنعت کا

وہ کافر کیوں ہوا جس کو یہ دلبر یاد آتے ہیں

مرا ماضی نظر آیا مجھے حال حسیں ہو کر

جو ان کے ساتھ دیکھے تھے وہ منظر یاد آتے ہیں

میں گلچیں تھا بہار زندگی کے گلستانوں کا

جو دن پھولوں میں بیتے تھے وہ اکثر یاد آتے ہیں

نشہ اترا مگر اب بھی تمہاری مست آنکھوں سے

پیے تھے جو مئے الفت کے ساغر یاد آتے ہیں

دیار دور میں میں تو نہیں آتا ہوں یاد ان کو

نہ جانے وہ مجھے پھر کیوں برابر یاد آتے ہیں

بس اب رہنے بھی دے سب بے نیازی دیکھ لی تیری

تجھے اب تو وہ ہر مظہر میں اظہرؔ یاد آتے ہیں