پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شیدا انبالوی کی غزلیں — Shaida Ambalvi Ghazals

شیدا انبالوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محبت کی دنیا میں آ کر تو دیکھو (غزل)

محبت کی دنیا میں آ کر تو دیکھو

کسی کو تم اپنا بنا کر تو دیکھو

مرے عشق کو آزما کر تو دیکھو

مری جان پر حشر ڈھا کر تو دیکھو

کوئی شے نگاہوں سے باہر نہیں ہے

نگاہوں سے پردا ہٹا کر تو دیکھو

محبت کی دنیا ہے راحت کی دنیا

محبت کی دنیا بسا کر تو دیکھو

سمجھ جاؤ گے درد دل چیز کیا ہے

کبھی عشق کی چوٹ کھا کر تو دیکھو

نہیں دل لگی دل کسی سے لگانا

کسی سے ذرا دل لگا کر تو دیکھو

یہی راہ ہستی کو روشن کرے گا

چراغ محبت جلا کر تو دیکھو

ہمیں تاب دیدار ہے یا نہیں ہے

مقابل نگاہوں کے آ کر تو دیکھو

ہماری نظر میں بڑی وسعتیں ہیں

ہماری نظر میں سما کر تو دیکھو

بتا دیں گے ہم عشق ہے نام کس کا

ہمیں اپنا شیداؔ بنا کر تو دیکھو

ہم اہل خرد کی باتوں سے کچھ چین جہاں میں پا نہ سکے (غزل)

ہم اہل خرد کی باتوں سے کچھ چین جہاں میں پا نہ سکے

آج ایسی پلا دے اے ساقی تا حشر ہمیں ہوش آ نہ سکے

حائل تھی ادھر خودداریٔ دل مانع تھا غرور حسن ادھر

محرومیٔ قسمت کیا کہئے ہم جا نہ سکے وہ آ نہ سکے

ترک الفت کی باتیں تو سمجھائیں بہت ناصح نے ہمیں

جینے کا سہارا کیا ہوگا یہ بات ذرا سمجھا نہ سکے

ہے کفر دیار الفت میں غم کے ہاتھوں نالاں ہونا

وہ نام محبت ہی کیوں لے جو تاب غموں کی لا نہ سکے

دل سنگ دلوں سے جب الجھے قیمت اس کی بڑھ جاتی ہے

اس شیشے کی ہے قدر ہی کیا جو پتھر سے ٹکرا نہ سکے

دل کی دھڑکن پر ہوتا ہے دھوکا قدموں کی آہٹ کا

آواز تو آتی ہے پیہم پھر کیوں وہ ابھی تک آ نہ سکے

الجھی ہوئی گتھی ملنے کی کس طور سلجھتی اے ہمدم

کچھ ہم سے کوشش ہو نہ سکی کچھ زحمت وہ فرما نہ سکے

کیا کیا نہ ستم ہم پر ڈھائے اپنوں نے کرم کے پردے میں

پھر بھی ہم اس کا شکوہ تک اک بار زباں پر لا نہ سکے

وہ اس سے زیادہ کیا کرتے شیداؔ تیری غم خواری میں

آنسو تو بہائے آنکھوں سے کچھ منہ سے مگر فرما نہ سکے

اب زندگی کا لطف کہاں ہے ترے بغیر (نظم)

اب زندگی کا لطف کہاں ہے ترے بغیر

بے کیف رنگ کون و مکاں ہے ترے بغیر

تجھ سے ہر اک خیال حسین و جمیل تھا

اب آرزو بھی بار گراں ہے ترے بغیر

ہر منزل حیات منور تھی تیرے ساتھ

تاریک ہر مکان و زماں ہے ترے بغیر

طوفاں امڈ رہے ہیں دل بے قرار میں

آنکھوں سے سیل اشک رواں ہے ترے بغیر

وہ میرا گھر جو غیرت فردوس تھا کبھی

دوزخ اب اس میں شعلہ فشاں ہے ترے بغیر

رنگینیٔ بہار تھی جس دل میں جلوہ ریز

اب اس میں دور فصل خزاں ہے ترے بغیر

باقی رہی نہ ساغر و مینا میں دل کشی

بے کیف بزم پیر مغاں ہے ترے بغیر

دل بن چکا ہے مسکن سوز غم فراق

سینہ جواب برق تپاں ہے ترے بغیر

شیداؔ پھر اپنا حال کہے بھی تو کیا کہے

خاموش لب ہیں بند زباں ہے ترے بغیر

مزید غزلیں از شیدا انبالوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں