شیدا رومانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دن آخری ہے سال کا دل کی کتاب دیکھ (غزل)
دن آخری ہے سال کا دل کی کتاب دیکھ
پوری ہوئی ہیں خواہشیں کتنی حساب دیکھ
شاید کسی نے توڑ دیا ہے کسی کا دل
تپتی سڑک پہ بکھرا پڑا ہے گلاب دیکھ
کیوں چن رہا ہے خواب شکستہ کی کرچیاں
خوابوں کی کیا کمی ہے کوئی اور خواب دیکھ
بے چہرگی نے توڑ دئے سارے آئنے
نازل ہوا ہے ہم پہ یہ کیسا عذاب دیکھ
کمرے میں بند ہو کے نہ پی زہر تیرگی
دروازہ کھول گھر سے نکل آفتاب دیکھ
میں دیکھتا ہوں لاتی ہے کیا رنگ مے کشی
تو صرف دور بیٹھ کے رنگ شراب دیکھ
اے ہواؤ! مجھے دامن میں چھپا لے جاؤ (غزل)
اے ہواؤ! مجھے دامن میں چھپا لے جاؤ
زرد پتہ ہوں میں آہستہ اٹھا لے جاؤ
سر چھپانے مری کٹیا میں چلے آنا تم
اگر اس اونچی حویلی سے نکالے جاؤ
پھول مرجھاتے ہیں الفاظ نہیں مرجھاتے
دور جانا ہے بزرگوں کی دعا لے جاؤ
زندگی شاخ گل تر نہ سہی بوجھ سہی
گرتی دیوار سہی پھر بھی سنبھالے جاؤ
تند موجوں کی طرح آج پرانی یادو!
کشتئ دل کو کہیں دور بہا لے جاؤ
درد بن جائے گا خود آپ ہی درماں شیداؔ
تلخی زیست کو اشعار میں ڈھالے جاؤ
رات ہر روز سیہ فام بھکارن کی طرح (نظم)
رات ہر روز سیہ فام بھکارن کی طرح
ہاتھ میں کاسۂ تاریک لئے آتی ہے
حسب معمول ستاروں کو دعا دیتی ہے
اور رو رو کے اجالوں کو صدا دیتی ہے
چاند جیسے کسی بے تاج شہنشہ کی طرح
سن کے فریاد اندھیرے سے نکل آتا ہے
اور پھر کاسۂ شب نور سے بھر جاتا ہے
رات خوش ہوتی ہے مانگے کا اجالا پا کر
چاند یہ سوچ کے روپوش ہوا جاتا ہے
میرے دامن میں بھی مانگے کا اجالا ہی تو ہے