شاہدہ صدف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کتاب زیست کے ہر باب کا عنواں نیا دیکھے (غزل)
کتاب زیست کے ہر باب کا عنواں نیا دیکھے
ہر اک بجھتے دیے کو شوق سے پاگل ہوا دیکھے
ابھی اک کشمکش میں ہے محبت دل کو کیا دیکھے
خوشی دیکھے خود اپنی یا بزرگوں کی انا دیکھے
چلو اچھا کیا دل اپنا ہلکا کر لیا تم نے
ہمیں بھی ایک مدت ہو چلی تھی آئنہ دیکھے
لب ساحل ہمیں موجوں نے جب پٹخا تو رستے میں
بہت سے ڈوبتے موجوں سے لڑتے ناخدا دیکھے
طلسماتی فضا تھی جب سحر دم ریگ ساحل پر
بگولے کی طرح رقصاں کسی کے نقش پا دیکھے
خود اپنے آپ سے بھی بات کرنا چھوڑ رکھا ہے
جسے جینا ہو تنہا وہ ہمارا حوصلہ دیکھے
صدفؔ اک عمر کے بعد آج ہم دل کھول کر روئے
زمانہ ہو چلا تھا دل کو یہ نکھری فضا دیکھے
ضبط ممکن نہ رہے بات ہی ایسی ہوگی (غزل)
ضبط ممکن نہ رہے بات ہی ایسی ہوگی
حوصلوں نے تو بہت پردہ دری کی ہوگی
سر اٹھاتے ہوئے جھک جاتی ہیں نظریں جس کی
اس کی غربت بھی کوئی ذات تو رکھتی ہوگی
جو کسی نام سے منسوب تھی اب تک شاید
خانۂ دل میں وہ مسند ابھی خالی ہوگی
سایۂ گل سے لپٹ کر کوئی رویا ہوگا
چاندنی جب در و دیوار پہ اتری ہوگی
پھر زمستاں کی ٹھٹھرتی ہوئی شب نے چپ چاپ
اس کی پلکوں پہ مری یاد پرو دی ہوگی
کوئی تاریک دریچوں کے پرے سوچتا ہے
روشنی اپنی روایات تو رکھتی ہوگی
ہر کسی کے لئے ہوتے ہیں جدا پیمانے
کاسۂ چشم سے دریوزہ گری کی ہوگی