پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آپ آئے ذہن و دل میں آگہی کا در کھلا جہل نے بازو سم…

آپ آئے ذہن و دل میں آگہی کا در کھلا
جہل نے بازو سمیٹے علم کا شہپر کھلا

چاند سورج آپ کی تسکین سے روشن ہوئے
بابِ مغرب وا ہوا ، دروازۂ خاور کھلا

آپ کی بخشش ہے سب پر کیا فرشتے کیا بشر
آپ کا بابِ سخاوت ہے دو عالم پر کھلا

جب زمیں پر آپ کے قدموں سے بکھری کہکشاں
مقصدِ تکوینِ عالم تب کہیں جا کر کھلا

دل میں جب آیا کبھی عہدِ رسالت کا خیال
ایک منظر وقت کی دیوار کے اندر کھلا

اِس کو کہتے ہیں سخاوت یہ سخی کی شان ہے
حرفِ مطلب لب پہ آیا، لطف کا دفتر کھلا

اُس کی مدحت کیا لکھیں گے ہم زمیں والے ایاز
جس شہہِ لوح و قلم پر گنبدِ بے در کھلا

(ایاز صدیقی)

انتخاب :-: ابوالحسن علی ندوی