پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عابد جعفری کی غزلیں — Aabid Jafri Ghazals

عابد جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہی تو ایک شکایت سفر میں رہتی ہے (غزل)

یہی تو ایک شکایت سفر میں رہتی ہے

ہوائے گرد مسلسل نظر میں رہتی ہے

جزائے کاوش تعمیر یہ ملی ہے ہمیں

صدائے تیشہ سدا ساتھ گھر میں رہتی ہے

ہنر کسی میں ہو قسمت ہے اس کی در بدری

کہ آب و تاب گہر کب گہر میں رہتی ہے

سماعتوں کا پیمبر ہی بن سکے تو سنے

وہ داستاں جو لب چشم تر میں رہتی ہے

ہر ایک صبح پہ مقتل کا ہو رہا ہے گماں

نہ جانے کون سی سرخی خبر میں رہتی ہے

خوں مرا جس سے ہوا ہے خنجر احباب ہے (غزل)

خوں مرا جس سے ہوا ہے خنجر احباب ہے

یہ حقیقت ہے مگر لگتا ہے جیسے خواب ہے

اس لیے مجھ سا نمایاں ہو گیا بے بال و پر

جس جگہ میں ہوں وہاں ہر آدمی سرخاب ہے

ہم نے دیکھا ہے کہ اکثر ڈوب جاتا ہے وہی

جو تلاش گوہر یکتا میں زیر آب ہے

اب کسی جنگل میں جا رہئے کہ اپنے شہر میں

آدمی ہی آدمی کے واسطے نایاب ہے

زندگی اپنی بالآخر ہو گئی اس پر تمام

جو کتاب زندگی کا نا مکمل باب ہے

وہ تو یہ کہئے شکستہ ہو چکا ہے حوصلہ

ورنہ دل اب بھی کسی کے وصل کو بیتاب ہے

میں کیا لکھوں (نظم)

میں کیا لکھوں

تمہارے واسطے

اے نیم جان و سوختہ تن

وادیٔ قتل اماں کے باسیو

کوئی نوحہ تمہارے روبرو

شرمندۂ تاثیر نہ ہوگا

کوئی حرف‌ حکایت

صبر کی تصویر نہ ہوگا

یہی تو جاگتی آنکھوں سے تم نے خواب دیکھے تھے

کہ اس بنجر زمیں پر اپنے خوں کی فصل ٹانکو گے

ہر اک منظر میں امن و آشتی کے رنگ پھیلا کر

ہر اک چہرے کو نور اطمینان قلب بانٹو گے

اسی بنجر زمیں پہ خاک و خوں میں آج غلطاں ہو

تو پھر کیوں سر بریدہ شاخ کی مانند بے جاں ہو

یہ ہونا تھا تو کیوں پھر اس کے ہو جانے پہ حیراں ہو

مرے لوگو

تمہاری بند آنکھیں

جاگتی آنکھوں کے خوابوں کی

تمہیں تعبیر دیتی ہیں

اسی بنجر زمیں میں

قبر کی جاگیر دیتی ہیں