منظر سہیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خدا کی مجھ پہ رحمت ہو گئی تو (غزل)
خدا کی مجھ پہ رحمت ہو گئی تو
تمہیں بھی مجھ سے الفت ہو گئی تو
محبت کو قیامت کہہ رہے ہو
کسی دن یہ قیامت ہو گئی تو
مجھے دل کی شرافت پر یقیں ہے
نگاہوں سے شرارت ہو گئی تو
چھڑا کر ہاتھ اپنا جانے والو
تمہیں میری ضرورت ہو گئی تو
دکھاؤ بے سبب مت دل کسی کا
کہیں ناراض قدرت ہو گئی تو
تم نے اک بار بھی اس بات کو سوچا نہ کیا (غزل)
تم نے اک بار بھی اس بات کو سوچا نہ کیا
کہ تمہارے لیے اس شخص نے کیا کیا نہ کیا
وہ بھی مجرم ہے کہ اس نے کی محبت تجھ سے
تو نے بھی ہاتھ چھڑا کر کوئی اچھا نہ کیا
پھول کرتے رہے توہین سدا خاروں کی
پھر بھی بیچاروں نے اب تک کوئی شکوہ نہ کیا
بات اچھائیوں کی آئی تو اے غیر وفا
میں نے کس جا ترے اوصاف کا چرچا نہ کیا
رخ پر نور تھا پہلو میں مرے وصل کی شب
اس لئے میں نے شبستاں میں اجالا نہ کیا
بعد تیرے تری تصویر نہ دیکھی میں نے
اپنے زخموں کو دوبارہ کبھی گہرا نہ کیا
خود کشی کی کسی مخلوق پہ مر کر میں نے
اس لئے رب نے دوبارہ مجھے زندہ نہ کیا
ہم ہی تنہا رہے محروم کرم سے اس کے
ورنہ اس پیڑ نے کس شخص پہ سایہ نہ کیا
آخری بار جسے دیکھا تھا تم تھے جاناں
آپ کے بعد دوبارہ کبھی ایسا نہ کیا
تو بھی رادھا نہ بنی میری محبت میں صنم
میں نے بھی خود کو ترے پیار میں کانہا نہ کیا
وہ مرا تھا وہ مرا ہے وہ رہے گا میرا
ہم نے اس طرح کا جھوٹا کوئی دعویٰ نہ کیا
کلیاں مرجھائی تھیں گلشن کے پرندے چپ تھے
بس اسی وجہ سے سورج نے سویرا نہ کیا
اس نے چھوڑا جو مجھے پورا کا پورا چھوڑا
کام یہ بھی مرے ہمدم نے ادھورا نہ کیا
اڑ چلے کہہ کے کہ کیا فائدہ معذوروں سے
ٹوٹی شاخوں پہ پرندوں نے بسیرا نہ کیا
اپنی ضو دیتا رہا اس کو ہمیشہ سورج
چاند کو آج تلک اس نے پرایا نہ کیا
عبد و معبود میں کچھ فرق تو باقی رہ جائے
اس لئے رب نے کسی شخص کو یکتا نہ کیا
حسن ہو رزق ہو دولت ہو کہ شہرت ہو سہیلؔ
بھاگتی چیزوں کا میں نے کبھی پیچھا نہ کیا
اے خدا تیرے صحیفوں میں یہی لکھا ہے (نظم)
اے خدا تیرے صحیفوں میں یہی لکھا ہے
تو نے پیدا ہے کیا سب کو ہی اک فطرت پر
دہر میں آتا ہے ہر بچہ اسی فطرت پر
پھر ذرا یہ بھی بتا دے کہ وہ فطرت کیا ہے
کچھ بتاتے ہی نہیں ہیں یہ ترے نو مولود
اتنے رستوں میں بھلا کون سا وہ رستہ ہے
فطرتوں میں سے بھلا کون سی وہ فطرت ہے
کون ظالم تھا کہ جس نے تری فطرت چھوڑی
کون تھے لوگ کہ جن لوگوں نے رستے بدلے
کیا یہ بہتر نہ تھا اک راہ پہ قائم رہتے
کیا یہ اچھا نہ تھا بس ایک ہی منزل ہوتی
کم سے کم ہوتی زمانے میں نہ بے جا تفریق
کم سے کم لوگ خدا کو تو نہ رسوا کرتے
کم سے کم بغض نہ ہوتا یوں کسی کے دیں سے
کم سے کم لوگ پیمبر کو خدا نہ کہتے
کاش ہوتا نہ زمانے میں یوں ادیان کا فرق
نسل کا چہرے کا خد خال کا پہچان کا فرق
اہل ہندو کا مسیحی کا مسلمان کا فرق
دہر کے بے جا عقائد کا اور ایمان کا فرق
اس سے پہلے کہ مری جان ہی لے لیں یہ سوال
اے خدا بھیج دے اب آخری اس ہادی کو
جس کے آنے پہ ہے ایمان ہر اک مذہب کا
اور پھر وہ ہی بتائے کہ وہ فطرت کیا ہے
جس پہ پیدا ہے کیا تو نے ہر اک انساں کو