پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منظر شہاب کی غزلیں — Manzar Shahab Ghazals

منظر شہاب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ غم گسار بالآخر بلائے جاں نکلا (غزل)

وہ غم گسار بالآخر بلائے جاں نکلا

جسے زمین سمجھتے تھے آسماں نکلا

عظیم تر ہے محبت میں روح کا رشتہ

مگر بدن کا تعلق بھی درمیاں نکلا

سراغ قتل شہادت ثبوت سب گونگے

لہو خموش تھا خنجر بھی بے زباں نکلا

تمام راستے ماضی کے بند تھے پھر بھی

ہر ایک موڑ سے یادوں کا کارواں نکلا

سنی جو میری کہانی تو رو پڑے سب لوگ

سبھوں کے درد میں اک رشتہ نہاں نکلا

ہم اپنے غم کا فسانہ کہا کیے شب بھر

ہوئی جو صبح تو ذکر غم جہاں نکلا

شہابؔ جس کی خطابت کا شور ہے یارو

غزل کی بزم میں کم صوت و کم بیاں نکلا

ہوئی مدت کہ گھنے پیڑ سے جھانکا سورج (غزل)

ہوئی مدت کہ گھنے پیڑ سے جھانکا سورج

میرے آنگن سے خفا اب بھی ہے بانکا سورج

چاند تاروں پہ نگاہیں تھیں کہ ٹک جاتی تھیں

سرخ آنچل میں حیا دار نے ٹانکا سورج

جب کبھی چاند مری چھت پہ اتر آیا ہے

پردۂ شب نے بڑے پیار سے ڈھانکا سورج

سوئے جنگل کے اگر چند شجر جاگ گئے

یہ ہوا ہے کہ ہواؤں نے ہے ہانکا سورج

وقت میں قید کیا نور لکھا دیو کہا

ہر زمانے نے کئی ڈھنگ سے آنکا سورج

تاز میں وسعت افلاک میں بکھرے نہ کہیں

بارہا جوہر ذرات کو پھانکا سورج

مزید غزلیں از منظر شہاب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں