پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منظر سلیم کی غزلیں — Manzar Saleem Ghazals

منظر سلیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ناکام ہی دل جو رہنا تھا ناکام رہا اچھا ہی ہوا (غزل)

ناکام ہی دل جو رہنا تھا ناکام رہا اچھا ہی ہوا

اب کیجے کسی کا شکوہ کیا جو کچھ بھی ہوا اچھا ہی ہوا

کچھ منزل کا غم بڑھ جاتا کچھ راہیں مشکل ہو جاتیں

اس تپتی دھوپ میں زلفوں کا سایہ نہ ملا اچھا ہی ہوا

اب راہ وفا کے پتھر کو ہم پھول نہیں سمجھیں گے کبھی

پہلے ہی قدم پر ٹھیس لگی دل ٹوٹ گیا اچھا ہی ہوا

دو چار گھڑی ہنس بول کے ہم برسوں خوں کے آنسو روتے

دو چار گھڑی بھی بزم طرب میں جی نہ لگا اچھا ہی ہوا

ان جادو کرنے والوں کے کچھ بھید سمجھ میں آ تو گئے

دل پیار کے پیچھے پاگل تھا ناکام رہا اچھا ہی ہوا

دو گھونٹ سے اپنی تشنہ لبی کیا کم ہوتی کیوں کم ہوتی

چھلکا ہوا ساغر ہاتھوں سے گر کر ٹوٹا اچھا ہی ہوا

ہر وقت خزاں کے جھونکوں سے ڈرتے رہتے ہم بھی منظرؔ

سینے میں کبھی ارمانوں کا غنچہ نہ کھلا اچھا ہی ہوا

دریا ہیں پھر بھی ملتے نہیں مجھ سے یار لوگ (غزل)

دریا ہیں پھر بھی ملتے نہیں مجھ سے یار لوگ

جرأت کہاں کہ صحرا سے ہوں ہم کنار لوگ

جادو فضا کا تھا کہ ہوا میں ملا تھا زہر

پتھر ہوئے جہاں تھے وہیں بے شمار لوگ

اب سایہ و ثمر کی توقع کہاں رکے

سوکھے ہوئے شجر ہیں سر رہ گزار لوگ

دہشت کھلی فضا کی قیامت سے کم نہ تھی

گرتے ہوئے مکانوں میں آ بیٹھے یار لوگ

اک دوسرے کا حال نہیں پوچھتا کوئی

اک دوسرے کی موت پہ ہیں شرمسار لوگ

سورج چڑھا تو پگھلی بہت چوٹیوں کی برف

آندھی چلی تو اکھڑے بہت سایہ دار لوگ

کٹ گئے اپنی جوانی کے مہ و سال یوں ہی (نظم)

کٹ گئے اپنی جوانی کے مہ و سال یوں ہی

روز و شب کوچہ و بازار میں منڈلاتے ہوئے

کبھی ہنس کر کبھی رو کر کبھی خاموشی سے

دل بیتاب کو ہر گام پہ بہلاتے ہوئے

حسن سے ہم کو عقیدت تھی سو ہر حالت میں

گیت گاتے ہی رہے محفل خوباں کے لئے

شاہراہوں پہ بیابانوں میں صحراؤں میں

پھول ہم چنتے رہے ان کے شبستاں کے لئے

رات بھر اشک بہاتے تھے مگر صبح کو ہم

آئنے لاتے رہے زلف پریشاں کے لئے

پھر بھی لوگوں نے وفادار نہ سمجھا ہم کو

بزم خوباں میں کوئی ہم سے مخاطب نہ ہوا

دور ہی دور رہے سارے حسیں نظارے

اجنبی ہی کی طرح ہم کو ہر اک نے دیکھا

کبھی مے خانے میں بیٹھے تو یہ سوچا ہم نے

حسن کے قافلۂ خواب کی منزل ہے شراب

نشہ اب آتا ہے اب اٹھتا ہے چہرے سے نقاب

سینکڑوں بار یوں ہی راستہ دیکھا ہم نے

نشہ آیا نہ کوئی راز کسی نے کھولا

ہم تو اٹھ آئے وہاں سے بھی بہرحال یوں ہی