منظر رونڈھوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خوشی سے شوق سے بار الم اٹھانا ہے (غزل)
خوشی سے شوق سے بار الم اٹھانا ہے
مصیبتوں میں بھی رہ رہ کے مسکرانا ہے
مجھے تو ساحل مقصود کی تمنا ہے
سفینہ ہجر حوادث سے لے کے جانا ہے
تم اپنے طرز تغافل کو بھی بدل ڈالو
تمہیں خبر نہیں بدلا ہوا زمانہ ہے
مجھے تو جذب جگر سے یا آہ پیہم سے
کسی طرح سے تصور میں ان کو لانا ہے
نہیں ہے باد مخالف کا خوف اے منظر
چراغ تند ہواؤں میں بھی جلانا ہے
شب کے ماتھے پہ کرن پیار کی لہراتی ہے (غزل)
شب کے ماتھے پہ کرن پیار کی لہراتی ہے
زندگی پیار کے پہلو میں سمٹ آتی ہے
دن گزرتا ہے اجالوں کی توقع کرتے
رات زخموں کی مدارات میں کٹ جاتی ہے
دیکھتا ہوں تو اندھیروں کے وہی لشکر ہیں
سوچتا ہوں تو کوئی صبح نکھر جاتی ہے
جس طرف دیکھیے ماحول کی پیشانی پر
ایک جلتی ہوئی تحریر نظر آتی ہے
اک کہانی ہے کہ آوارہ تمنا جس کو
غم کی دیوار سے لگ کے ابھی دہراتی ہے
مزید غزلیں از منظر رونڈھوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں