منظر نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سچ کو جھوٹ بنا جاتا ہے بعض اوقات (غزل)
سچ کو جھوٹ بنا جاتا ہے بعض اوقات
بندہ ٹھوکر کھا جاتا ہے بعض اوقات
گھر کی چھت پر رم جھم بارش جلتی دھوپ
یہ موسم بھی آ جاتا ہے بعض اوقات
اچھی قسمت اچھا موسم اچھے لوگ
پھر بھی دل گھبرا جاتا ہے بعض اوقات
روزانہ تو رات گئے گھر آتا ہے
شام سے پہلے آ جاتا ہے بعض اوقات
جیت کے مجھ سے اتنا کیوں اتراتے ہو
ہار کے بھی جیتا جاتا ہے بعض اوقات
تم نے ناحق رونے کا الزام دیا
آنکھ میں پانی آ جاتا ہے بعض اوقات
منظرؔ میٹھی باتیں بھی تو کرتا ہے
کڑوے بول سنا جاتا ہے بعض اوقات
سانس چلتی رہتی ہے زندگی نہیں ہوتی (غزل)
سانس چلتی رہتی ہے زندگی نہیں ہوتی
بے بسی کے لمحوں میں شاعری نہیں ہوتی
عشق بات کرتا ہے دل طواف کرتا ہے
ارد گرد پھرنے سے عاشقی نہیں ہوتی
زندگی کے صحرا میں ایک چاند کافی ہے
قمقموں کی کثرت سے روشنی نہیں ہوتی
خون کی روانی میں اس قدر محبت ہے
نفرتوں کے حلقوں سے دوستی نہیں ہوتی
خواہشوں کے لشکر سے روز لڑتا رہتا ہوں
یہ بھی اک معمہ ہے دشمنی نہیں ہوتی
تم نے بت بنائے ہیں تم کو ہی مبارک ہوں
بت شکن قبیلے سے آذری نہیں ہوتی
سب خزاں کے پتوں میں گل بہار منظر ہے
خوشبوؤں کے آنے کی مخبری نہیں ہوتی