منظر مفتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ذکر ہو چار سو کریں کیسے (غزل)
ذکر ہو چار سو کریں کیسے
حرف حق روبرو کریں کیسے
آ گئی سطح آب تک کائی
صاف یہ آب جو کریں کیسے
آشنائی رہی نہ رسوائی
خونچکاں گفتگو کریں کیسے
چشم تر میں لہو کی بوند نہیں
جان من ہم وضو کریں کیسے
ہاتھ چھلنی ہیں پاؤں زخمی ہیں
جمع بکھرے سبو کریں کیسے
جاں کنی ہی رہی نہ مے نوشی
منظرؔ اب ہاو ہو کریں کیسے
آپ سے آپ ہی اک روز بدل جاؤ گے (غزل)
آپ سے آپ ہی اک روز بدل جاؤ گے
آج اگر دن ہو تو کل رات میں ڈھل جاؤ گے
حادثے آپ بنا لیں گے تمہیں اپنا رفیق
اک نہ اک روز گروگے تو سنبھل جاؤ گے
خول جو خود پہ چڑھایا ہے اسی میں ٹھہرو
فکر کے غار میں اترے تو پگھل جاؤ گے
تم بخارات کی مانند ابھرنا سیکھو
یوں سمندر کی اسیری سے نکل جاؤ گے
چھوڑ کر دشت حقیقت کے غزالوں کا سراغ
ہم نہ کہتے تھے سرابوں سے بہل جاؤ گے
چھت کے سائے ہی میں بیٹھے رہو منظر مفتیؔ
اس کڑی دھوپ میں نکلو گے تو جل جاؤ گے
مزید غزلیں از منظر مفتی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں