پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منزل لوہاٹھیری کی غزلیں — Manzil Lohatheri Ghazals

منزل لوہاٹھیری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سکون زندگی حاصل نہیں ہے (غزل)

سکون زندگی حاصل نہیں ہے

ابھی بندہ کسی قابل نہیں ہے

مصائب سے گریزاں ہونے والے

وہ کیا انسان جس کے دل نہیں ہے

سمجھتا ہو جو خود کو سب سے قابل

یقیناً وہ کسی قابل نہیں ہے

محبت لب پہ ہو اور دل میں نفرت

مری طینت میں یہ شامل نہیں ہے

مآل کشتی و طوفاں نہ پوچھو

یہ لگتا ہے کہیں ساحل نہیں ہے

جسے چاہو جہاں برباد کر دو

تمہیں آسان ہے مشکل نہیں ہے

کسی بھی شخص سے نفرت برتنا

مرے آداب میں داخل نہیں ہے

کوئی اتنا بتا دے ظالموں کو

خدا مظلوم سے غافل نہیں ہے

جہاں شاکی ہے تجھ سے اے مرے دوست

نہیں ہے کوئی تو منزلؔ نہیں ہے

آپ کا نام جو لگ جائے مرے نام کے ساتھ (غزل)

آپ کا نام جو لگ جائے مرے نام کے ساتھ

عید کا چاند نظر آئے ہر اک شام کے ساتھ

اس کی ٹھوکر پہ رہی سارے زمانے کی خوشی

زندگی جس نے گزاری غم و آلام کے ساتھ

کیا تماشہ ہے مری موت کے پیغام کے ساتھ

آئے ہو بکھری ہوئی زلف سیہ فام کے ساتھ

اب کوئی شخص کسی شخص سے نفرت نہ کرے

عام ہو ایسی محبت مرے پیغام کے ساتھ

نزع کے وقت جو آ جاؤ گے بالیں پہ مری

جسم سے روح نکل جائے گی آرام کے ساتھ

مجھے تو کہنہ روایات کا پابند نہ کر

واسطہ میں نہ رکھوں گا روش عام کے ساتھ

میں وفادار رہا مصلحت آگیں نہ بنا

مگر افسانہ بنا ڈالا اس الزام کے ساتھ

مے کدہ سے جو میں نکلا تو عجب عالم تھا

جام آنکھوں کے تھے لبریز تہی جام کے ساتھ

غم دوراں کی رہی یا غم جاناں کی رہی

الغرض چھیڑ رہی منزل ناکام کے ساتھ

مزید غزلیں از منزل لوہاٹھیری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں