پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منظور احمد منظور کی غزلیں — Manzoor Ahmad Manzoor Ghazals

منظور احمد منظور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیف ادا بھی ہے نگہ پرفتن کے ساتھ (غزل)

کیف ادا بھی ہے نگہ پرفتن کے ساتھ

لگتی ہے دل پہ چوٹ مگر بانکپن کے ساتھ

خنکی ہے چاندنی میں تمازت ہے دھوپ میں

تشبیہ کس کو دیں ترے نور بدن کے ساتھ

سر دے کے سرخ رو تھے کبھی بندگان عشق

رسم کہن تھی ختم ہوئی کوہ کن کے ساتھ

اک مصلحت کی مہر ہے لب پر لگی ہوئی

ورنہ ہزار شکوے ہیں اہل وطن کے ساتھ

وہ شعر نغز کیوں نہ ہو جزو رگ حیات

کچھ فکر کا رچاؤ بھی جس میں ہو فن کے ساتھ

جبیں پہ گرد کدورت مرا اصول نہیں (غزل)

جبیں پہ گرد کدورت مرا اصول نہیں

جفائے اہل زمانہ پہ دل ملول نہیں

مری خودی تو کھٹکتی تھی تیری آنکھوں میں

ترے حضور مرا عجز بھی قبول نہیں

یہ بکھرے تارے یہ بے نظم پھول شاہد ہیں

نمود حسن میں پابندئ اصول نہیں

ضرور کچھ تو ہے اپنی حیات کا مقصد

سنا ہے چیز کوئی دہر میں فضول نہیں

مرے وقار پہ تیرے کرم پہ حرف آتا

مقام شکر ہے میری دعا قبول نہیں

مرے غبار سے دامن کشاں ہو کیوں یارو

چمن کی بوئے پریشاں ہوں بن کی دھول نہیں

مزید غزلیں از منظور احمد منظور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں