پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منظور علی عاقب کی غزلیں — Manzoor Ali Aaqib Ghazals

منظور علی عاقب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ ہوگا شوق یہ اب کم ہمارا (غزل)

نہ ہوگا شوق یہ اب کم ہمارا

ترے کوچہ میں نکلے دم ہمارا

یقیں جو اس پہ ہو محکم ہمارا

بگاڑے گا یہ کیا عالم ہمارا

یہاں تفریق ہر پرچم تلے ہے

فقط تفریق کش پرچم ہمارا

ہم اپنا جائزہ لے کر تو دیکھیں

کہاں ہے آج یہ سر خم ہمارا

نہ سمجھے وہ قصور ان کا نہیں ہے

اشارہ تھا ہی کچھ مبہم ہمارا

یہاں ہے کون اپنے غم سے خالی

کہیں اب کس سے آخر غم ہمارا

جو عالم اہل دنیا کا ہے یارو

وہی عالم ہے بیش و کم ہمارا

کہیں کیا تم سے ہم اس سے کہیں گے

کرے گا دور وہ ہی غم ہمارا

رہ انسانیت بس ایک ہی ہے

یہی اعلان ہے پیہم ہمارا

الٰہی صبر دے راہ وفا میں

مزاج ہو جائے نہ برہم ہمارا

وفا کا یہ مری رد عمل ہے

کیا قاتل نے بھی ماتم ہمارا

انہیں احباب ہی نے تو کیا ہے

چراغ آرزو مدھم ہمارا

بلاؤ ابن مریم کو بلاؤ

لبوں پر آ گیا ہے دم ہمارا

ہوا کیا ہائے عاقبؔ بے خودی میں

ہوا دامن یہ کیسے نم ہمارا

ہنستی ہے کائنات بھی انساں کی بھول پر (غزل)

ہنستی ہے کائنات بھی انساں کی بھول پر

یہ گل تلاش کرنے چلا ہے ببول پر

کتنے ہی خوش نما انہیں یارو بنائیے

تتلی کبھی نہ بیٹھے گی کاغذ کے پھول پر

انسان کے بنائے اصولوں پہ کیا چلیں

انسان کو چلائیں گے اس کے اصول پر

مزید غزلیں از منظور علی عاقب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں