خواجہ منظر حسن منظر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اب کلام نرم و نازک بے اثر پاتے ہیں ہم (غزل)
اب کلام نرم و نازک بے اثر پاتے ہیں ہم
پھول کی پتی نہ ہیرے کا جگر پاتے ہیں ہم
بے نشاں منزل ہجوم رہ گزر پاتے ہیں ہم
ایک رہرو کے لئے سو راہ بر پاتے ہیں ہم
گرچہ ہیں اقوال زریں سے سجے دیوار و در
ہر نصیحت لوح دل پر بے اثر پاتے ہیں ہم
اب مسلماں سے حرم کی پاسبانی ہو چکی
نیل کے ساحل کو ننگ کاشغر پاتے ہیں ہم
طوق زریں اسپ تازی کے گلے میں ہے تو کیا
اسپ تازی میں بھی اب اوصاف خر پاتے ہیں ہم
اس چمن کے نونہالوں کی الٰہی خیر ہو
آشیانوں میں چھپے برق و شرر پاتے ہیں ہم
یوں تو کہنے کو ہیں منظرؔ سر ہتھیلی پر لئے
مصلحت بینوں کو کب سینہ سپر پاتے ہیں ہم
ہے پھیلی چار سو یہ تیرگی کیا (غزل)
ہے پھیلی چار سو یہ تیرگی کیا
جو شمع آرزو تھی بجھ گئی کیا
بنانا اور بنا کر توڑ دینا
جنوں انگیز ہے شیشہ گری کیا
میں اپنا آپ دشمن ہو گیا ہوں
کرے گا اب کوئی چارہ گری کیا
خفا مجھ سے جو میری زندگی ہے
اجل کو بھی ہے کم ناراضگی کیا
نہ جانے آج کیوں لٹنے کا غم ہے
کوئی دولت ہمارے پاس تھی کیا
گلوں تک آ ہی پہنچا دست گلچیں
چمن کی آبرو باقی رہی کیا
پتا جس کو ملا تیرا وہ غم ہے
کمال آگہی ہے بے خودی کیا
یہاں تو آگ سی دل میں لگی ہے
لگی دل کی ہے کوئی دل لگی کیا
تکبر سے کسی کو کیا ملا ہے
حباب بحر کی دریا دلی کیا
نہ راس آئے گی منظرؔ شعر گوئی
کہ تم کیا اور تمہاری شاعری کیا
اپنی ہستی کو نہ سمجھا جو وہ انساں ہوں میں (نظم)
اپنی ہستی کو نہ سمجھا جو وہ انساں ہوں میں
کون ہوں کیا ہوں اسے سوچ کے حیراں ہوں میں
ہوں گل تر کوئی یا خار مغیلاں ہوں میں
درد سر ہوں کہ کسی درد کا درماں ہوں میں
راز ہوں دیدۂ ادراک سے پنہاں ہوں میں
لاکھ سر مارا مگر عقدۂ معنی نہ کھلا
کون ہوں کیا ہوں میں صد حیف نہ سمجھا اصلاً
نقش مٹ مٹ کے بنا ذہن پہ بن بن کے مٹا
وہ جو تصویر کے سانچے میں کبھی ڈھل نہ سکا
اک مصور کا وہ تخئیل پریشاں ہوں میں
وہ جو جنت سے نکالا گیا آدم میں ہوں
نار گلزار ہوئی جس پہ وہ محرم میں ہوں
میں ہی نمرود ہوں فرعون مجسم میں ہوں
میں ہی موسیٰ ہوں دم عیسیٰٔ مریم میں ہوں
پھر بھی اک خامشیٔ گور غریباں ہوں میں
دور ظلمت کا ہر اک نقش مٹایا میں نے
وہم کو در حقیقت سے سجایا میں نے
مشعل راہ عمل کن کو بنایا میں نے
جب سے تدبیر کو سینے سے لگایا میں نے
اپنی تقدیر سے بھی دست و گریباں ہوں میں
میں جو چاہوں غم ہستی کا ازالہ کر دوں
ظلمت بخت کو اک پل میں اجالا کر دوں
دیر کو کعبہ تو کعبہ کو شوالہ کر دوں
ذرہ ذرہ کو جہاں کے تہ و بالا کر دوں
پا بہ جولاں ہوں مگر حشر بہ داماں ہوں میں
قعر دریا کو جو چاہوں تو کنارہ کر دوں
غیظ میں آؤں تو پانی کو شرارہ کر دوں
مثل سیماب سمندر کو دو پارہ کر دوں
چاند ٹکڑے ہو جو انگلی سے اشارہ کر دوں
اپنی قوت پہ خود انگشت بدنداں ہوں میں
ہے مسلم ابدی خالق اکبر کا وجود
روز روشن میں ہو جیسے شہ خاور کا وجود
بے حقیقت ہے مگر خاک کے پیکر کا وجود
ناتواں ذرے سے بڑھ کر نہیں منظر کا وجود
قطرۂ آب ہوں اشک سر مژگاں ہوں میں