پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خواجہ ریاض الدین عطش کی غزلیں — Khawaja Reazuddin Atash Ghazals

خواجہ ریاض الدین عطش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پتہ رقیب کا دے جام جم تو کیا ہوگا (غزل)

پتہ رقیب کا دے جام جم تو کیا ہوگا

وہ پھر اٹھائیں گے جھوٹی قسم تو کیا ہوگا

ادا سمجھتا رہوں گا ترے تغافل کو

طویل ہو گئی شام الم تو کیا ہوگا

جفا کی دھوپ میں گزری ہے زندگی ساری

وفا کے نام پہ جھیلیں گے غم تو کیا ہوگا

ابھی تو چرخ ستم ہم پہ ڈھائے جاتا ہے

زمیں نہ ہوگی جو زیر قدم تو کیا ہوگا

میں ڈر رہا ہوں کہ زاہد کی خشک باتوں سے

سراب بن گیا باغ ارم تو کیا ہوگا

خود اپنی موج نفس سے یہ زاہدان کرام

بجھا رہے ہیں چراغ حرم تو کیا ہوگا

ہر گوشۂ عالم میں زمانے کی صدا ہوں (غزل)

ہر گوشۂ عالم میں زمانے کی صدا ہوں

میں وقت پہ چلتا ہوا نقش کف پا ہوں

اے دشت تخیل تری خاموش نوا ہوں

میں نقش حقیقت ہوں مگر خواب نما ہوں

اک عالم دنیا ہے مری ذات کے اندر

میں آگ بھی مٹی بھی ہوں پانی ہوں ہوا ہوں

دو لخت ہوا ہوں میں تری جلوہ گری سے

ایسی ہے چکاچوند کہ سائے سے جدا ہوں

دن بھر کی عطشؔ دھوپ کو دامن میں سمیٹے

میں شام کے سورج کی طرح ڈوب رہا ہوں

مزید غزلیں از خواجہ ریاض الدین عطش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں