خاور احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پھول پہ آ کے بیٹھی تو خود پر اترنا بھول گئی (غزل)
پھول پہ آ کے بیٹھی تو خود پر اترنا بھول گئی
ایسی مست ہوئی وہ تتلی پر پھیلانا بھول گئی
ایسے کھلا وہ پھول سا چہرہ پھیلی سارے گھر خوشبو
خط کو چھپا کر پڑھنے والی راز چھپانا بھول گئی
کلیوں نے ہر بھونرے، تتلی سے پوچھا ہے اس کا نام
باد صبا جس پھول کے گھر سے لوٹ کے آنا بھول گئی
اپنے پرانے خط لینے وہ آئی تھی مرے کمرے میں
میز پہ دو تصویریں دیکھیں خط لے جانا بھول گئی
برسوں بعد ملے تو ایسی پیاس بھری تھی آنکھوں میں
بھول گیا میں بات بنانا وہ شرمانا بھول گئی
ساجن کی یادیں بھی خاورؔ کن لمحوں آ جاتی ہیں
گوری آٹا گوندھ رہی تھی نمک ملانا بھول گئی
سفیر شام صبح کا نقیب کیسے ہو گیا (غزل)
سفیر شام صبح کا نقیب کیسے ہو گیا
جو شب کو شب نہ لکھ سکا ادیب کیسے ہو گیا
ابھی تو خواب دیکھنے کی عمر تھی مری مگر
ابھی سے جاگنا مرا نصیب کیسے ہو گیا
اسی کی آب و خاک سے مری نمود ہے تو پھر
مرا وطن مرے لیے عجیب کیسے ہو گیا
مرے لہو سے جس کے برگ و بار میں بہار ہے
وہی شجر مرے لیے صلیب کیسے ہو گیا
مری زمیں تو سیم و زر سے قیمتی زمین ہے
مگر یہ میرا ملک یوں غریب کیسے ہو گیا