پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خواجہ جاوید اختر کی غزلیں — Khawaja Javed Akhtar Ghazals

خواجہ جاوید اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پوچھا ہی نہیں اس نے کبھی حال ہمارا (غزل)

پوچھا ہی نہیں اس نے کبھی حال ہمارا

بس یوں ہی گزر جاتا ہے ہر سال ہمارا

رہتی ہے خبر سارے زمانے کی ہمیں بھی

پھیلا ہے بہت دور تلک جال ہمارا

مشکل ہے کسی کام کا ہونا بھی یہاں پر

ہو جاتا ہے ہر کام بہ ہر حال ہمارا

ہم نے تو نمائش بھی لگائی نہیں پھر بھی

بازار میں چل جاتا ہے ہر مال ہمارا

پہچان زمانے سے الگ ہی ہے ہماری

ملتا نہیں ہر ایک سے سر تال ہمارا

ممکن ہے کہ بن جائیں شہنشاہ غزل ہم

ویسے تو ارادہ نہیں فی الحال ہمارا

میرا خود سے ملنے کو جی چاہتا ہے (غزل)

میرا خود سے ملنے کو جی چاہتا ہے

بہت اپنے بارے میں میں نے سنا ہے

سکوں سے کوئی گھر میں بیٹھا ہوا ہے

کوئی خواب میں دوڑتا بھاگتا ہے

ادب میں بہت کچھ پرانا ہے لیکن

ہمیں دیکھنا ہے کہ کیا کچھ نیا ہے

جہاں آندھیوں نے جمائے تھے ڈیرے

ابھی تک وہاں ایک روشن دیا ہے

کوئی سو رہا ہے اجالے میں دن کے

کوئی رات کے خوف سے جاگتا ہے

مجھے حال دل کا سنانا ہے جس کو

اسے میرے بارے میں سب کچھ پتہ ہے

عجب شور محشر بپا ہے یقیناً

کسی شاخ سے کوئی پتا گرا ہے

مزید غزلیں از خواجہ جاوید اختر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں