پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خاطر حافظی کی غزلیں — Khatir Hafizi Ghazals

خاطر حافظی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

موسم کے ساتھ رخ بھی بدلنے لگی ہوا (غزل)

موسم کے ساتھ رخ بھی بدلنے لگی ہوا

ویران جالیوں پہ تھرکنے لگی ہوا

کمرے کی کھڑکیوں پہ چمکنے لگی ہے دھوپ

پربت کی سیڑھیوں سے اترنے لگی ہوا

جنگل کے چار سمت سے آئی ہوئی وہ گونج

لمحہ بہ لمحہ جیسے بپھرنے لگی ہوا

دیکھا مجھے جو بارہا کھڑکی کے آس پاس

میری گلی میں روز ٹھہرنے لگی ہوا

آبادیوں کے زور پہ بڑھتا گیا غرور

خاموشیوں کے کان کترنے لگی ہوا

چپکے سے اجتناب کا چہرہ لگا لیا

میری غزل کے روپ سے ڈرنے لگی ہوا

موسم کے انتظار میں خاطرؔ ہو کیوں ملول

دیکھو وہ وادیوں میں اترنے لگی ہوا

ٹوٹا ہوا دیا ہی سہی زندگی تو ہے (غزل)

ٹوٹا ہوا دیا ہی سہی زندگی تو ہے

سر پر ہمارے درد کی چادر تنی تو ہے

بھونچال آ رہا ہے دشاؤں میں ہر طرف

جنگل کی باس آج ہوا میں ملی تو ہے

تم پوجتے ہو جس کو خیالوں میں رات دن

لڑکی وہ سولہ سال کی چھت پر کھڑی تو ہے

موسم کے ساتھ آج بہکتی چلے ہوا

لغزیدہ کونپلوں میں ابھی تازگی تو ہے

پڑھیے عزیز جان کے میری نگارشات

کچھ ندرت خیال سہی شاعری تو ہے

خاطرؔ کسی غریب کو اتنا نہ چھیڑئیے

ٹوٹا ہوا ضرور سہی آدمی تو ہے

دوستو آؤ آج آسمان کی گہری نیلاہٹوں پر (نظم)

دوستو آؤ آج آسمان کی گہری نیلاہٹوں پر

اپنی اداسی کا جال پھینکیں

اور دیکھیں

یہ گول گول چاند ستارے

جو بوشرٹ میں ٹنکے ہوئے بٹنوں کی طرح جگمگاتے ہیں

کیوں ہاتھ نہیں آتے ہیں

کس لیے دور خلا کی برف سی چادر

ادھ کھلی آنکھ کی طرح خوابیدہ ہے

کون ہے جو آسمان کے سبز گنبد میں بیٹھا ہوا

صداؤں کے سمندر نیچے اور نیچے

بہاتا جا رہا ہے

پاتال لوک کی بے خواب نگری میں بسے ہوئے لوگ

اپنی کھال کے اندر کے زخم کو مزے لے لے کر

اپنے تیز ناخنوں سے کھرچتے ہیں

اور راحت کی سانس لیتے ہیں

پہچان کے سارے الفاظ صرف ہوا میں تیرتے ہیں

ہونٹوں سے نکلے ہوئے شبدوں کی کڑیاں

صرف دکھاوا ماتر ہیں کہیں کچھ بھی نہیں

نہ کوئی آتا ہے اور نہ کوئی جاتا ہے

صرف ایک وحشی سمندر ہے جو دن رات چیختا ہے

اداس نسلوں کو اپنے انجام کے لیے کچھ بھی نہیں سوچنا ہے

دیکھنے اور سننے کا کام کرتے ہیں کمپیوٹرز

اس لیے

فکر کی کوئی بات نہیں

بوتل کو ہاتھ میں لے کر یوںہی پیتے رہو

مزید غزلیں از خاطر حافظی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں