پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بسمل اعظمی کی غزلیں — Bismil Aazmi Ghazals

بسمل اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اپنے ہزار رنگ بدلنے لگی ہے شام (غزل)

اپنے ہزار رنگ بدلنے لگی ہے شام

شعر و سخن سے آج بہلنے لگی ہے شام

پھر اپنے رنگ و روپ بدلنے لگی ہے شام

سوز غم فراق میں جلنے لگی ہے شام

تنہائیوں کا شہر اب اس کا نصیب ہے

جام شب فراق میں ڈھلنے لگی ہے شام

آ جاؤ انتظار کے لمحوں کو توڑ کر

ورنہ خیال خام میں پلنے لگی ہے شام

اہل چمن سے کہہ دو بہاروں کے دن گئے

اب بوئے روئے گل کو کچلنے لگی ہے شام

سورج کا خون رنگ شفق اور روئے شب

فکر و نظر کی گود میں پلنے لگی ہے شام

اک چشم انتظار سے ملتا ہے یہ جواب

مہر و وفا کا رنگ نگلنے لگی ہے شام

بزم طرب میں دیکھیے دیپک کی تان پر

روئے افق پہ شعلہ اگلنے لگی ہے شام

نگاہ شوق میں سودائے جستجو کیا ہے (غزل)

نگاہ شوق میں سودائے جستجو کیا ہے

دل شکستہ میں اب اور آرزو کیا ہے

نہیں ہے شرط کوئی ذوق مے کشی کے لیے

نگاہ رند میں مے خانہ کیا سبو کیا ہے

بہار شرط ہے گلشن میں زندگی کے لیے

گلوں کے نام پہ تفریق رنگ و بو کیا ہے

پیام امن و محبت جو لے کے آئے تھے

انہیں سے پوچھو یہ ہر سمت ہاؤ ہو کیا ہے

عجیب آپ کا اعجاز وضع داری ہے

ہر ایک بات میں کہتے ہو تم کہ تو کیا ہے

نگہ میں بلبل و گلچیں کی ہے وقار ابھی

وگرنہ پھولوں کی گلشن میں آبرو کیا ہے

نہ کوئی شوق نہ حسرت نہ جستجو نہ خلش

بساط رقص پہ بسمل کی آرزو کیا ہے

تو وہ شہکار زمانہ ہے جسے دنیا نے (نظم)

تو وہ شہکار زمانہ ہے جسے دنیا نے

اپنی تسکین کا سامان بنا رکھا ہے

خواب گاہوں میں تجھے اپنی سجا رکھا ہے

شوق و جذبات و خیالات کی ملکہ بن کر

تو نے لوگوں کے مقدر کو سنوارا لیکن

پھر بھی تاریک ہمیشہ رہی تیری دنیا

تو نے ہر دور میں شاہوں پہ حکومت کی ہے

زندگی کے سبھی گوشے ہیں منور تجھ سے

حاکم وقت ترے پاؤں کی ٹھوکر میں رہے

پھر بھی روٹھا نظر آتا ہے مقدر تجھ سے

تجھ سے روشن ہیں دیے اب بھی کمیں گاہوں کے

تجھ سے آباد ہیں یہ بزم سخن کی راتیں

تجھ سے قائم ہیں صنم خانے بھی میخانے بھی

تو سرشام گلی کوچوں کی رونق بن کر

اب بھی آباد کیا کرتی ہے مے خانوں کو

رند کو پیر مغاں ساقی و پیمانوں کو

دل کے دیوانوں کو پروانہ بنا رکھا ہے

جب ترے شہر نگاراں سے گزرتا ہوں کبھی

میری تخئیل کی مضراب کی پائل کی کھنک

تیرے سر تال میں ڈوبے ہوئے نغموں کی کسک

میرے سوئے ہوئے احساس جگا دیتی ہے

تیرے حالات کا دیوانہ بنا دیتی ہے

سوچتا ہوں یہ ترا رقص یہ سر تال کا رنگ

شوخیٔ حسن بھی ہے عشق کا اعجاز بھی ہے

عشوہ و ناز و ادا پیار کی غماز بھی ہے

کیف و مستی بھی ہے انگڑائی کا انداز بھی ہے

شکوۂ جور و جفا سوز کی آواز بھی ہے

نوجوانوں کے حسیں خواب کی تعبیر ہے تو

ذہن ناپختہ کی روٹھی ہوئی تقدیر ہے تو

درد کا ساز ہے اور سوز کی تاثیر ہے تو

راہ پرخار بھی آساں ہے تصور سے ترے

شب تاریک میں ہر سو ہے اجالا تجھ سے

تیری یادوں میں سرشام چراغاں ہر سو

آج بھی تیری وفاؤں کے بہت چرچے ہیں

بے وفائی کا سر بزم تری شکوہ ہے

اب بھی کھلتے ہیں خیالوں میں تمنا کے کنول

اب بھی ہر روز امیدوں کے دیے جلتے ہیں

تجھ سے آباد ہیں محلوں کی سہانی راتیں

بیٹھتی ہے تو دلہن بن کے شبستانوں میں

اور کبھی پھرتی ہے دردر پہ پسارے دامن

تو نے اک روپ میں بہروپ بنا رکھا ہے

مزید غزلیں از بسمل اعظمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں