پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بسمل آغائی کی غزلیں — Bismil Aghai Ghazals

بسمل آغائی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ منزل سے نہ منزل کا نشاں تک (غزل)

نہ منزل سے نہ منزل کا نشاں تک

جنوں لے جائے گا آخر کہاں تک

جہاں ممنوع ہے شغل فغاں تک

وہاں شکوے اگر آئے زباں تک

نہ اٹھواؤ ہمیں محفل سے اپنی

بڑی مشکل سے آئے ہیں یہاں تک

تمہیں محسوس ہوگا ساتھ ہوں میں

مجھے عالم میں ڈھونڈو گے جہاں تک

ہم ان راہوں پہ تنہا چل رہے ہیں

جہاں گم ہو گئے ہیں کارواں تک

قفس ہی میں بہت اچھے تھے بسملؔ

ملا کیا آ کے اجڑے آشیاں تک

کتنا عجیب شب کا یہ منظر لگا مجھے (غزل)

کتنا عجیب شب کا یہ منظر لگا مجھے

تاروں کی صف میں چاند سخنور لگا مجھے

سوچا تو ہم سفر مجھے تنہائیاں ملیں

دیکھا تو آسمان بھی سر پر لگا مجھے

تجھ سے بچھڑ کے یہ مری آنکھوں کو کیا ہوا

جس پر نظر پڑی ترا پیکر لگا مجھے

یہ کس نے آ کے شہر کا نقشہ بدل دیا

دیکھا ہے جس کسی کو وہ بے گھر لگا مجھے

سمٹا ترا خیال تو دل میں سما گیا

پھیلا تو اس قدر کہ سمندر لگا مجھے

بسملؔ وہ میری جان کا دشمن تو تھا مگر

کیوں پوری کائنات سے بہتر لگا مجھے

مزید غزلیں از بسمل آغائی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں