پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عذرا ناز کی غزلیں — Azra Naz Ghazals

عذرا ناز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ حسین مثل گلاب ہوں نہ کسی کی آنکھ کا خواب ہوں (غزل)

نہ حسین مثل گلاب ہوں نہ کسی کی آنکھ کا خواب ہوں

تری زندگی کی کتاب کا مگر ایک چھوٹا سا باب ہوں

مرے حرف حرف میں ندرتیں مرے باب باب میں حیرتیں

کبھی تو نے جس کو چھوا نہیں میں وہ ایک کوری کتاب ہوں

مری اپنی شکل نہیں کوئی تو نے جیسے ڈھالا میں ڈھل گئی

ہے یہ فیصلہ ترے ہاتھ میں میں عذاب ہوں یا ثواب ہوں

ترے ذوق مے کے شباب کو نیا چاہیے کوئی اب نشہ

نشہ جس کا اترے نہ دیر تک وہی میں پرانی شراب ہوں

یہ جہان بحر ہے بے کراں مری حیثیت ہی بھلا ہے کیا

میری حیثیت ہی بھلا ہے کیا میں تو صرف ایک حباب ہوں

جو شریک جرم تھا ہم نوا وہ تو جانے کب سے رہا ہوا

ہوا ماجرا مرے ساتھ کیا میں ابھی بھی زیر عتاب ہوں

داستاں دل کی کبھی ہم سے سنائی نہ گئی (غزل)

داستاں دل کی کبھی ہم سے سنائی نہ گئی

آگ اشکوں سے کبھی دل کی بجھائی نہ گئی

ہم نے چاہا تو بہت ان کو بھلا دیں لیکن

یاد ان کی کبھی اس دل سے بھلائی نہ گئی

غم جاناں بھی تھا درپیش غم دوراں بھی

کشتیٔ جاں یہ کنارے پہ لگائی نہ گئی

زخم اک اور دیا آپ نے جاتے جاتے

بات یوں بگڑی کہ پھر بات بنائی نہ گئی

وقت نے ایک ہی لمحے میں اسے توڑ دیا

ایک دیوار جو دونوں سے گرائی نہ گئی

دولت درد نصیبوں سے ملا کرتی ہے

ہم سے تو درد کی دولت بھی کمائی نہ گئی

منتقل کیسے وہ کر پائے گی ورثہ آگے

گر نئی نسل کو تہذیب سکھائی نہ گئی

کیسے مل پائیں گے ہم اہل قلم سے عذراؔ

ہم سے گر بزم سخن آج سجائی نہ گئی

عزیزم (نظم)

عزیزم

تم یہ کیا جانو

کہ جس کو بھوک کہتے ہیں

وہ کیا عفریت ہے

کیسے نگل جاتی ہے ہر احساس کو

انساں نگل سکتے ہیں اک دوجے کو کچا بھی

جو سچ پوچھو کسی رشتے کے کچھ معنی نہیں رہتے

عجب پاگل سے لگتے ہیں

یہ دانشور جہاں بھر کے

بھرا ہو پیٹ تو یہ آرٹ کلچر اور ٹریڈیشن

سبھی کچھ سوجھنے لگتا ہے سب کچھ یاد آتا ہے

فروغ فن ہے ممکن جب نہ کوئی فقر و فاقہ ہو

کرونا کے دنوں میں کیا ہوا تھا یاد ہے تم کو

سبھی اشیائے خورد و نوش کو محفوظ کرنے کو

لئے جاتے تھے بھر بھر کر ٹرالی

لوگ کچھ ایسے

کہ جیسے پھر کبھی ان کو

نہ کھانے کو ملے گا ایک تنکا زندگانی میں

نہ چھوڑا تھا انہوں نے کچھ بھی باقی

ان اسٹوروں میں

نہ اوروں کا انہیں اک پل ذرا سا بھی خیال آیا

خریداری کی خاطر

دوسرے جو لوگ آئے تھے

وہ خالی جا رہے تھے

کس قدر مایوس لگتے تھے

انہیں یہ لگ رہا تھا اب کہ شاید قحط اترا ہے

ذرا سوچو کہ جن خطوں میں جاری

قحط ہے کب سے

وہ کیسے جی رہے ہیں مر رہے ہیں دور نظروں سے

فقط ہم دیکھتے سنتے ہیں ٹی وی پر

یا پھر خبروں میں پڑھ کر

چند لمحے سوچ میں پڑ کر

دوبارہ زیست کی سرگرمیوں میں

لوٹ جاتے ہیں

ہے دعا میری

کبھی غربت نہ تم دیکھو

نہ ہرگز بھوک سے ہی آشنائی ہو

سبھی قدروں کو یہ پامال کر کے

ایک انساں کو

بنا دیتی ہے وحشی اور درندہ

اور بے حس بھی

دکھائی جس کو کچھ دیتا نہیں ہے

بھوک سے بڑھ کر

کہ تم سونے کا چمچہ لے کے اس دنیا میں آئے ہو

تمہیں معلوم کیا

اس بھوک کی یہ آگ کیسی ہے

چلو اچھا ہے تم ناآشنا ہو

اس مصیبت سے

مزید غزلیں از عذرا ناز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں