پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عذرا پروین کی غزلیں — Azra Parveen Ghazals

عذرا پروین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں تو پاگل ہوں مری آنکھ کے آنسو پہ نہ جا (غزل)

میں تو پاگل ہوں مری آنکھ کے آنسو پہ نہ جا

عشق بس خواب ہے اس خواب کے جادو پہ نہ جا

اب پلٹ کر نہیں شہروں کو میں جانے والی

مرے جنگل تو پریشانی و ہا ہو پہ نہ جا

میں ترا رقص ہوں اس رقص کو پورا کر لے

تھک کے یوں ٹوٹ کے گرتے ہوئے گھنگھرو پہ نہ جا

گرمیٔ رقص کے تھمتے ہی تھمیں گے ہم سب

حصۂ رقص ہے اس جنبش ابرو پہ نہ جا

آسماں ساحل سمندر اور میں (غزل)

آسماں ساحل سمندر اور میں

کھلتا پھر یادوں کا دفتر اور میں

چار سمتیں آئینہ سی ہر طرف

تم کو کھو دینے کا منظر اور میں

میرا اجلا پن نئے انداز میں

تیری بخشش میلی چادر اور میں

کھلتے ہیں اسرار عجب آلام میں

بند ہوتا وہ ہر اک در اور میں

رات اک تاریک پنجرا یاس کا

پھڑپھڑاتا ایک پیکر اور میں

تمام لفظوں میں روشن ہر اک باب میں ماں (نظم)

تمام لفظوں میں روشن ہر اک باب میں ماں

جنوں کے شیلف میں ہے عشق کی کتاب میں ماں

اے ماں تو خوشبو کا نایاب استعارہ ہے

اے ماں تو عود میں عنبر میں تو گلاب میں ماں

خود اپنی ممتا میں ہی نور کا سمندر ہے

نہیں ہے اور کسی روشنی کی تاب میں ماں

وہ جسم کھو کے بدل سی گئی ہے کچھ مجھ میں

تھی پہلے صرف سوال اب ہے ہر جواب میں ماں

مرے سوالوں کے سارے جواب لے آئی

چلی گئی تھی مگر لوٹی پھر سے خواب میں ماں

میں جب بھی ذبح ہوئی زندگی کے خنجر سے

دکھی ہے خوابوں میں اک دشت اضطراب میں ماں

گنوا کے جسم وہ فرصت سے آئی میرے پاس

سسک سسک کے سنایا تھی کس عذاب میں ماں

میں ماں کی زندہ نگاہوں کو خود میں جیتی ہوں

ہر انقلاب میں ہر دم ہر آب و تاب میں ماں

مرے عروج کا وہ سلسلہ انعام و سزا

مرے زوال میں ہر زندہ انقلاب میں ماں

تجھے لبھانے کو میں سترنگی بنی تھی ماں

یہ جا چھپی ہے تو کس پردۂ غیاب میں ماں

بندھی ہیں آنکھیں مری اب بھی موت کے پل سے

ہے ہر سکوت میں خاموش اضطراب میں ماں

امڈ رہے ہیں ہر اک پل سے موت کے ٹھٹھے

وہ جا رہی ہے مری پنجۂ عقاب میں ماں

وہ جسم ہار گئی موت سے مگر مجھ میں

وہ جی کے گویا ہے پھر موت سے جواب میں ماں

مزید غزلیں از عذرا پروین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں