پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عذرا وحید کی غزلیں — Azra Waheed Ghazals

عذرا وحید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جلتی بجھتی ہوئی آنکھوں میں ستارے لکھے (غزل)

جلتی بجھتی ہوئی آنکھوں میں ستارے لکھے

باب لکھے نہیں عنوان تو سارے لکھے

منظر غم تھا شفق رنگ کہاں عکس اترا

خون کا رنگ لکھا شام کے پیارے لکھے

نذر طوفان ہوئے سارے سفینوں کے چراغ

وہ اندھیرے جو نگاہوں نے سہارے لکھے

پیکر و رضا واقف رمز ہستی

دست لمحات نے یوں نام ہمارے لکھے

آگہی نے دیئے ابہام کے دھوکے کیا کیا

شرح الفاظ جو لکھی تو اشارے لکھے

مسئلے زیر نظر کتنے تھے (غزل)

مسئلے زیر نظر کتنے تھے

اہل دل اہل ہنر کتنے تھے

حشر آئے تو یہی فیصلہ ہو

کتنے انساں تھے بشر کتنے تھے

کاسۂ چشم میں امید لئے

جو بھی تھے خاک بسر کتنے تھے

ساری بستی میں مکاں تھے بے حد

جو کھلے رہتے تھے در کتنے تھے

وہ جو آسائشوں میں تلتے تھے

سنگ مرمر کے وہ گھر کتنے تھے

تجھ کو پائیں تجھے کھو بیٹھیں پھر

زندگی ایک تھی ڈر کتنے تھے

کتنے دریا تھے کنارے کتنے

منزلیں کتنی سفر کتنے تھے

ہر طرف دھوپ کی یلغاریں تھیں

ہر طرف موم کے گھر کتنے تھے

کتنی آنکھوں نے گواہی دی تھی

دھوپ کتنی تھی شجر کتنے تھے

کتنے شبخون ابھی تاک میں ہیں

لٹ گئے تھے جو نگر کتنے تھے

وقت کی گرد یہ قدموں کے نشاں

سوچ لو بار دگر کتنے تھے

کچی بستی کے مکیں بھی گن لو

شہر میں صاحب زر کتنے تھے

تپتی ہوں ریت پہ دریا کی ترائی دے دے (نظم)

تپتی ہوں ریت پہ دریا کی ترائی دے دے

کب کہا میں نے مجھے ساری خدائی دے دے

مسکن خاک بھنور خوف کے اور موج ہوا

ایک قطرہ ہوں سمندر میں رسائی دے دے

بال کھولے ہوئے ڈائن سی ڈراتی ہے حیات

دل کو ادراک رہ عقدہ کشائی دے دے

اور قانون بنا کوئی زمانے کے لئے

پست اوہام سے ذہنوں کو رہائی دے دے

میری آنکھوں میں دھواں ہے کہ اندھیرا ہے جہاں

دل کی وہ شمع جو دنیا نے بجھائی دے دے

کبھی ایسا بھی ہو میں خود کو نہ دیکھوں تنہا

میری سوچوں سے کبھی مجھ کو رہائی دے دے

اتنی تنویر کہ میں عکس ہی دیکھوں اپنا

ایک شب مجھ کو بھی تاروں کی کمائی دے دے

آج پھر گھیرا ہے صحراؤں نے بستی کو مری

پھر مجھے ذوق جنوں آبلہ پائی دے دے

مزید غزلیں از عذرا وحید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں