پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عذرا نقوی کی غزلیں — Azra Naqvi Ghazals

عذرا نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیسے کیسے سوانگ رچائے ہم نے دنیا داری میں (غزل)

کیسے کیسے سوانگ رچائے ہم نے دنیا داری میں

یوں ہی ساری عمر گنوا دی اوروں غم خواری میں

ہم بھی کتنے سادہ دل تھے سیدھی سچی بات کریں

لوگوں نے کیا کیا کہہ ڈالا لہجوں کی تہ داری میں

جب دنیا پر بس نہ چلے تو اندر اندر کڑھنا کیا

کچھ بیلے کے پھول کھلائیں آنگن کی پھلواری میں

کئی دنوں سے جسم و جاں پر اک بے کیفی چھائی ہے

بھیگ رہی ہے رات سناؤ کوئی غزل درباری میں

آنے والے کل کی خاطر ہر ہر پل قربان کیا

حال کو دفنا دیتے ہیں ہم جینے کی تیاری میں

تم بھی ان بیتے برسوں کی کوئی نشانی لے آنا

میں تم سے ملنے آؤں گی اسی بسنتی ساری میں

اب کی بار جو گھر جانا تو سارے البم لے آنا

وقت کی دیمک لگ جاتی ہے یادوں کی الماری میں

معتبر سے رشتوں کا سائبان رہنے دو (غزل)

معتبر سے رشتوں کا سائبان رہنے دو

مہرباں دعاؤں میں خاندان رہنے دو

مضمحل سے بام و در خستہ حال دیواریں

باپ کی نشانی ہے وہ مکان رہنے دو

پھیلتے ہوئے شہرو اپنی وحشتیں روکو

میرے گھر کے آنگن پر آسمان رہنے دو

آنے والی نسلیں خود حل تلاش کر لیں گی

آج کے مسائل کو خوش گمان رہنے دو

الجھے الجھے ریشم کی ڈور سے بندھے رشتے

ہر گھڑی محبت کا امتحان رہنے دو

کیا بہت ضروری ہے ساری بات کہہ ڈالیں

جگنوؤں سے کچھ لمحے درمیان رہنے دو

انہیں مجھ سے شکایت ہے کہ میں ماضی میں جیتی ہوں (نظم)

انہیں مجھ سے شکایت ہے کہ میں ماضی میں جیتی ہوں

مرے اشعار میں آسیب ہیں گزرے زمانوں کے

وہ کہتے ہیں کی یادیں سائے کی مانند میرے ساتھ رہتی ہیں

یہ سچ ہے اس سے کب انکار ہے مجھ کو

میں اکثر جاگتے دن میں بھی آنکھیں موند لیتی ہوں

کوئی صورت کوئی آواز کوئی ذائقہ یا لمس جب جادو جگاتا ہے

تو گرد آلود مینا طور تصویریں اچانک بولنے لگتی ہیں ناٹک منچ سجتا ہے

کسی ٹوٹے ہوئے صندوق میں رکھے ہوئے

بوسیدہ مخطوطے سے کوئی داستاں تمثیل بن جاتی ہے

جی اٹھتے ہیں سب کردار ماضی کے

سپاہی بادشاہ خلعت نوادر رقص و موسیقی

کسی کے پاؤں میں پائل دھنک آنچل

کسی شمشیر کی بجلی گھنی برسات کی بدلی

کسی بارہ دری میں راگ دیپک کا

کسی صحن گلستاں میں کدم کے پیڑ پر بیٹھی ہوئی چڑیاں

اچانک جاگ جاتی ہیں

کسی گمنام قصبے میں کوئی ٹوٹی ہوئی محراب خستہ حال ڈیوڑھی کی جھلک

معدوم کر دیتی ہے ہوٹل چائے خانے بس کے اڈے ڈھیر کوڑے کے

کئی صدیاں گزر جاتی ہیں سر سے

اور کوئی گم گشتہ شہر رفتگاں بیدار ہوتا ہے

اسی منظر کا حصہ بن کے میں تصویر ہو جاتی ہوں کھو جاتی ہوں ماضی میں

میں اکثر آبنائے وقت پر کاغذ کی ناؤ ڈال دیتی ہوں

تو پانی اپنا رستہ موڑ دیتا ہے

میں جب چاہوں

سلونی سانولی نٹ کھٹ مدھر یادیں اٹھا لاؤں لڑکپن کے گھروندوں سے

میں جب چاہوں تو کالی کوٹھری میں قید

رنجیدہ پشیماں زخم خوردہ ساعتوں بیتے دنوں کو پیار سے چھو کر

دلاسہ دوں تھپک کر لوریاں دوں

خوب روؤں خوب روؤں شانت ہو جاؤں

یہ ماضی میرا ماضی ہے

فقط میرے تصرف میں ہے

میری ملکیت ہے میرا ورثہ ہے

نہ میرا حال پر بس ہے

اور آنے والا کل بھی کس نے دیکھا ہے

مزید غزلیں از عذرا نقوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں