پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رضی بدایونی کی غزلیں — Razi Badayuni 1 Ghazals

رضی بدایونی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ ہم بدلے نہ گل بدلے نہ رنگ گلستاں بدلا (غزل)

نہ ہم بدلے نہ گل بدلے نہ رنگ گلستاں بدلا

خدا ہی جانے پھر کیسے مزاج باغباں بدلا

نہ غم بدلے نہ ہم بدلے نہ جور آسماں بدلا

تو پھر کیسے یقیں آئے نظام گلستاں بدلا

بہاروں کے پس پردہ یہ کیسا انقلاب آیا

نگاہ باغباں بدلی تو سارا گلستاں بدلا

وہیں صیاد و برق و باغباں نے یورشیں کر دیں

جہاں بھی ہم نے گلشن میں مقام آشیاں بدلا

یہ معراج کمال بے خودی شوق ہی کہئے

جدھر سجدہ کیا میں نے ادھر ہی آستاں بدلا

بھنور سے تو نکل آئی مگر ساحل پہ آ ڈوبی

مری کشتی نے بدلا بھی تو رخ آ کر کہاں بدلا

رہی اصلاح کی ناکام ہر کاوش مقدر سے

بدلنا تھا نہ انداز مزاج باغباں بدلا

چمن والوں کی دنیا تو بدل کر رہ گئی لیکن

نہ آہ شب میں فرق آیا نہ انداز فغاں بدلا

وہاں بے سود ہے انصاف کی امید ہی رکھنا

وفاؤں کا ملے اے دل جفاؤں سے جہاں بدلا

رضیؔ ہر اک نفس پر زندگی بھر انقلاب آئے

مگر جو اپنی قسمت میں لکھا تھا وہ کہاں بدلا

بلا عنوان افسانا کہے گا تم بھی سن لینا (غزل)

بلا عنوان افسانا کہے گا تم بھی سن لینا

خرد کی بات دیوانہ کہے گا تم بھی سن لینا

رموز عشق دیوانہ کہے گا تم بھی سن لینا

وہ کعبے کو صنم خانہ کہے گا تم بھی سن لینا

دل غم آشنا جب تنگ آکر زندگانی سے

شب فرقت کا افسانا کہے گا تم بھی سن لینا

فدا کیوں جان کر دیتا ہے بڑھ کر شمع محفل پر

کبھی یہ راز پروانا کہے گا تم بھی سن لینا

جو بہکی بہکی باتوں سے محبت میں نہ باز آئے

تو عالم تم کو دیوانہ کہے گا تم بھی سن لینا

بہت سے راز اس سے گلستاں کے منکشف ہوں گے

اک ایسی بات ویرانہ کہے گا تم بھی سن لینا

نہ بھولیں گے قیامت تک بھی ارباب چمن جن کو

وہ باطن آج دیوانہ کہے گا تم بھی سن لینا

یہ ہونے کو تو دیوانہ ہے لیکن راز کی باتیں

بانداز کلیمانہ کہے گا تم بھی سن لینا

ابھی کیا ہے ابھی ہر ایک ساتھی ظلم کی باتیں

بانداز رفیقانہ کہے گا تم بھی سن لینا

یہی رند زیادہ نوش غرق بے خودی ہو کر

ابھی شیشے کو پیمانہ کہے گا تم بھی سن لینا

رضیؔ میرا مذاق عاشقی جس نے اڑایا ہے

وہی اب اپنا دیوانہ کہے گا تم بھی سن لینا

جبر کا دور ہے آہوں میں اثر پیدا کر (نظم)

جبر کا دور ہے آہوں میں اثر پیدا کر

ظلمت شب سے ہی آثار سحر پیدا کر

جور مغرب سے نہ انداز حذر پیدا کر

تخت باطل جو الٹ دیں وہ بشر پیدا کر

غیر کو اپنا بنا لے وہ نظر پیدا کر

سنگ ریزوں سے گہر پاش گہر پیدا کر

اک نظر دیکھ کے تو بھانپ لے مقصد دل کا

چشم بینا میں تفکر کا اثر پیدا کر

اپنی دنیا تجھے دنیا سے بنانی ہے الگ

آسماں تارے زمیں شمس و قمر پیدا کر

ہے ترا خواب گراں دورئ منزل کا سبب

خضر ہمدرد ہے اٹھ عزم سفر پیدا کر

کیوں زمانے کے خم و پیچ میں الجھا ہے تو

دل میں احساس تباہی و ضرر پیدا کر

غم شمشیر ہے کیا دست تہی اٹھ ناداں

تو بہادر ہے تو بے تیغ ظفر پیدا کر

آرزو جس کی تجھے ہے وہ نہاں ہے تجھ میں

دیکھنا ہو تو صداقت کی نظر پیدا کر

قوتیں ارض و سما کی ہیں تری فطرت میں

شاخ امید پہ مقصد کا ثمر پیدا کر

اپنے ایثار کا لے سنگ دلوں سے بدلہ

بات تو جب ہے کہ پتھر سے گہر پیدا کر

کیوں ہے مایوسیٔ پیہم سے ترا دل مایوس

بے خبر اپنی دعاؤں میں اثر پیدا کر

قید خورشید فلک تاب کی کرنیں کر لے

مستقل اپنی شب غم میں سحر پیدا کر

جنس الفت کی جو درکار خریداری ہے

میٹھا میٹھا سا ذرا درد جگر پیدا کر

عزم راسخ ہو اولو العزم ہو پہلے غافل

پھر اگر چاہے تو پتھر سے شرر پیدا کر

ہے تصرف میں ترے دہر کی ہر چیز رضیؔ

اٹھ اور اٹھ کر انہیں ذروں سے قمر پیدا کر

مزید غزلیں از رضی بدایونی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں