رضی حیدر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کچھ خواب ادھورے سے آنکھوں میں سجا رکھنا (غزل)
کچھ خواب ادھورے سے آنکھوں میں سجا رکھنا
تاریک گھروندوں میں جگنو ہی جلا رکھنا
پہروں کسی چہرے پر کچھ رنگ سجانے کو
خوشبو کی خبر رکھنا پھولوں کا پتہ رکھنا
وہموں کی ردا اوڑھے گمنام وہ پھرتا ہے
بے خواب مکانوں کا دروازہ کھلا رکھنا
سنسان جزیروں کے بھیگے ہوئے ساحل پر
تم چاند کی کرنوں سے اک نام لکھا رکھنا
ابھری کف جاناں پر زنجیر لہو کی ہے
کچھ دیر سہی اس کو پابند حنا رکھنا
یاروں کے ہجوم اندر تنہائی سے گھبرانا
تنہائی کے صحرا میں اک شہر بسا رکھنا
جب موم کا پیکر ہے یہ جسم رضیؔ اپنا
پھر دھوپ کی چادر میں کیا خود کو چھپا رکھنا
وہ کریں جب بھی بات پھولوں کی (غزل)
وہ کریں جب بھی بات پھولوں کی
مسکرائے حیات پھولوں کی
وصل کی شب بدن کے صحرا میں
آ رہی ہے برات پھولوں کی
عشق خوشبو ہے در بدر ٹھہرا
حسن ہے کائنات پھولوں کی
اک تبسم پہ منحصر ٹھہری
زندگی بے ثبات پھولوں کی
زلف میں پھول ہاتھ میں مہندی
صبح پھولوں کی رات پھولوں کی
ہنستے ہنستے خزاں نے پوچھا ہے
کس نے چھیڑی ہے بات پھولوں کی
پتا پتا ہے اشک بار رضیؔ
کیسی گزری ہے رات پھولوں کی
تمہارے شانے پہ ہاتھ رکھ کے میں کب سے محو سفر ہوں جاناں (نظم)
تمہارے شانے پہ ہاتھ رکھ کے میں کب سے محو سفر ہوں جاناں
میں جانتی ہوں بصارتوں کی وہ آخری ہچکیاں وہ لمحے
میں سارے منظر ہی کھو چکی تھی تمہارے شانے پہ ہاتھ رکھ کے
کہ جیسے اندھی سی اک بھکارن
کسی کے قدموں سے راہ چن کے مسافتوں کے سراغ پائے
کسی کی آنکھوں سے دشت ظلمت رفاقتوں کے چراغ پائے
سپردگی کا سفر عجب ہے
وہ رات ساون کی دھوپ جاڑے کی آنکھ تیری وہ خواب تیرے
تھکن کی ان آخری حدوں تک بدن گناہ و ثواب تیرے
جنوں کی راہ عمل تراشی
دل و نظر کے لطیف جذبوں پہ وحشتوں کا جو پیراہن ہے
حصار جاں سے خمار جاں تک کا یہ سفر کس قدر کٹھن ہے
یہ قربتوں میں تھکن کی خواہش
کہ جیسے شہ رگ میں کھولتے خوں کی سرسراہٹ بھی جاں بہ لب ہے