پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فصاحت لکھنوی کی غزلیں — Fasahat Lucknowi Ghazals

فصاحت لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مناسب ہے ترے چہرے پہ رہنا بکھرے بالوں کا (غزل)

مناسب ہے ترے چہرے پہ رہنا بکھرے بالوں کا

کہ گرد ہر نظر سے رنگ میلا ہو نہ گالوں کا

بندھا ہے جیسے مضموں چشم کا زلفوں کا خالوں کا

مرا دیوان چہرہ بن گیا ہے خوش جمالوں کا

سمجھ کر مجھ کو عاشق تن کہا رضواں نے محشر میں

ادھر آؤ جناں میں بھی ہے مجمع خوش جمالوں کا

مکاں یہ نا مبارک ہے خوشی کس طرح سے آئے

فراق یار میں دل بن گیا ہے گھر ملالوں کا

چمن میں سرو سنبل کی حقیقت کیا ترے آگے

یہ پرتو ہے ترے قد کا وہ سایہ تیرے بالوں کا

بہار آئی عروسان چمن نے کی ہے آرائش

کہ ہے شبنم کے قطروں میں سماں موتی کے مالوں کا

نکیرین اس قدر سختی ہے کیوں مجھ تازہ مہماں پر

بہ نرمی پوچھتے جاؤ جواب اپنے سوالوں کا

گھٹا اٹھی ہے کیوں اے شیخ نکلے آبرو کھونے

نہ سمجھے وقت ہے یہ میکدے کے جانے والوں کا

زمین و آسماں کی اصل کیا ہم غمزدے سمجھیں

یہ ہے گرد کدورت وہ دھواں ہے اپنے نالوں کا

اگر ہے عشق صادق اس طرح فریاد کر بلبل

کہ غنچے تھام لیں دل شور سن کر تیرے نالوں کا

جنوں صحرا مجھے لے چل کہ اب تلوے کھجاتے ہیں

ادھر چھیڑا زبان خار نے بھی ذکر چھالوں کا

اعزا اقربا آنکھیں بدلنا کیوں سمجھتے ہیں

بوقت نزع کرتا ہوں نظارہ خوش جمالوں کا

قوافی ہیں جو علم قافیہ کے بر خلاف آئے

بہ مجبوری ہوا پیرو فصاحتؔ ذی کمالوں کا

تم مرے پہلو سے اٹھو گے تو کیا ہو جائے گا (غزل)

تم مرے پہلو سے اٹھو گے تو کیا ہو جائے گا

بس یہی نا درد دل کم ہے سوا ہو جائے گا

غیر کا نالہ اگر کچھ بھی رسا ہو جائے گا

زیر چرخ پیر گنبد کی صدا ہو جائے گا

عشق کا بیمار اوروں کی دوا ہو جائے گا

جسم لاغر زرد ہو کر کہربا ہو جائے گا

وصل پر راضی وہ یار بے وفا ہو جائے گا

پر اثر نالہ جو نکلے گا دعا ہو جائے گا

اس کی چوکھٹ پر جبیں سائی کروں گا اس قدر

صاف ظاہر سب پہ قسمت کا لکھا ہو جائے گا

عالم طفلی ہے پر دل کے نئے انداز ہیں

رفتہ رفتہ تم سے شوخی میں سوا ہو جائے گا

ہر طرح ان تک پہنچ جائے گا جو عاشق ہے زار

بوئے گل بن جائے گا رنگ حنا ہو جائے گا

ہاں اسیرو خوش ہو صیاد آج کل بیمار ہے

جس کی قسمت اچھی ہوگی وہ رہا ہو جائے گا

خنجر قاتل سے کہہ دو ہے سر و گردن میں بحث

تو حکم ہوگا تو دم میں فیصلا ہو جائے گا

بعد مرنے کے اگر تقدیر کی گردش رہی

قبر کا پتھر بھی سنگ آسیا ہو جائے گا

روز و شب مجھ کو برابر ہیں فراق یار میں

رات گر چھوٹی بھی ہوگی دن بڑا ہو جائے گا

گر نہیں بدلی نہ ہو مے ہم کو پلوا دے کلال

جب دھواں بھٹی سے اٹھے گا گھٹا ہو جائے گا

استخوان غیر میری ہڈیاں کھا کر نہ کھا

اے سگ جاناں برا منہ کا مزا ہو جائے گا

مے پلا دے ساقیا مجھ میکش بیمار کا

حلق سے جو گھونٹ اترے گا دوا ہو جائے گا

آہ مجنوں کی اٹھی آندھی تو لیلا نے کہا

گر یوںہی پردے اڑیں گے سامنا ہو جائے گا

درد سے آرام اک لحظہ نہ ہوگا ہجر میں

گر جگر میں گھٹ گیا دل میں سوا ہو جائے گا

آج اے غافل جوانی میں اکڑنا ہے عبث

کل یہ قد راست محتاج عصا ہو جائے گا

غیبت رنداں نہ کر منبر پہ ہے ماہ صیام

واعظا باطل ابھی روزہ ترا ہو جائے گا

شمع سے گلگیر کا ہے قول بزم یار میں

جب زباں تیری بڑھے گی سر جدا ہو جائے گا

اے حباب اس زندگی پر سر اٹھانا ہے عبث

آنکھ بھی کھلنے نہ پائے گی فنا ہو جائے گا

شوق لیلیٰ میں نہ یوں اے قیس بیتابانہ دوڑ

تیری صورت دیکھ کر ناقہ ہوا ہو جائے گا

زار ہوں جان ایک دن لے گا مری میرا لباس

جب گریباں تنگ ہوگا دم خفا ہو جائے گا

در بدر رکھے گی قسمت بعد مردن بھی ہمیں

کاسۂ سر اپنا کشکول گدا ہو جائے گا

ہوں وہ قانع کہنگی کا فقر سے شاکی نہیں

خود رفو ہو ہو کے پیراہن نیا ہو جائے گا

مے کشی سے وصل کی شب ہوگی کیفیت سوا

نشہ آنکھوں میں تری آ کر حیا ہو جائے گا

زار ہوں پہنا کے مجھ کو دیکھ لے تو اے جناب

پیرہن تیرا مجھے ڈھیلی قبا ہو جائے گا

اے فصاحتؔ لکھنؤ میں ہم نہ پھر کر آئیں گے

اب کے گر جانا ہمارا کربلا ہو جائے گا

مزید غزلیں از فصاحت لکھنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں