فصیح اکمل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ وہ سفر ہے جہاں خوں بہا ضروری ہے (غزل)
یہ وہ سفر ہے جہاں خوں بہا ضروری ہے
وہی نہ دیکھنا جو دیکھنا ضروری ہے
بدلتی سمتوں کی تاریخ لکھ رہا ہوں میں
ہر ایک موڑ پہ اب حادثہ ضروری ہے
نقوش چہروں کے الفاظ بنتے جاتے ہیں
کچھ اور اس سے زیادہ بھی کیا ضروری ہے
یہ سونے والے تجھے سنگسار کر دیں گے
یہ کہہ کے دیکھ کبھی جاگنا ضروری ہے
اندھیری رات میں اس رہ گزار پر یارو
مری طرح سے یہ جلتا دیا ضروری ہے
جہاں جہاں سے میں گزروں اداس راتوں میں
وہاں وہاں تری آواز پا ضروری ہے
بہت سی باتیں زباں سے کہی نہیں جاتیں
سوال کر کے اسے دیکھنا ضروری ہے
پیار جادو ہے کسی دل میں اتر جائے گا (غزل)
پیار جادو ہے کسی دل میں اتر جائے گا
حسن اک خواب ہے اور خواب بکھر جائے گا
اپنی آنکھوں کو ذرا حد ادب میں رکھنا
ورنہ دھوکے میں کوئی جاں سے گزر جائے گا
اب کسی اور کا تم ذکر نہ کرنا مجھ سے
ورنہ اک خواب جو آنکھوں میں ہے مر جائے گا
آئینہ ٹوٹے ہوئے دل کا دکھا دوں میں اگر
بے وفا خود ترا چہرہ بھی اتر جائے گا
دل دکھایا نہ کسی شخص کا دل توڑا ہے
میرے ہم راہ یہی زاد سفر جائے گا