پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فصیح اللہ نقیب کی غزلیں — Fasihullah Naqeeb Ghazals

فصیح اللہ نقیب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جیسا تم چاہو گے ویسا نہیں ہونے والا (غزل)

جیسا تم چاہو گے ویسا نہیں ہونے والا

ورنہ ہونے کو یہاں کیا نہیں ہونے والا

مقتدر ہو تو غریبوں سے جو چاہو لے لو

عزت نفس کا سودا نہیں ہونے والا

دل یہ کہتا ہے کسی کو بھی نہ لا خاطر میں

عقل کہتی ہے کہ اچھا نہیں ہونے والا

امن پرچار تلک ٹھیک سہی لیکن امن

تم کو لگتا ہے کہ ہوگا نہیں ہونے والا

زر کے میزان میں ہر شخص کو کیا تولتے ہو

ہر بشر تو سگ دنیا نہیں ہونے والا

میرا چہرہ ہے مرے قلب کا عکاس نقیبؔ

میرا چہرہ ترا چہرہ نہیں ہونے والا

دوستی کے نئے آداب لئے پھرتے ہیں (غزل)

دوستی کے نئے آداب لئے پھرتے ہیں

لوگ اب عطر میں تیزاب لئے پھرتے ہیں

چاہتے ہیں کہ حقیقت میں ڈھلیں آپ ہی آپ

جاگتی آنکھوں میں ہم خواب لئے پھرتے ہیں

آنکھ اٹھتی نہیں باہر کے نظاروں کی طرف

ہم طبیعت بڑی سیراب لئے پھرتے ہیں

احتیاطاً کہ حریفوں کے نہ ہاتھ آ جائیں

میرے پرزے مرے احباب لئے پھرتے ہیں

ہم کو شہرت کی تمنا نہ ستائش کی طلب

بے سبب آپ یہ اسباب لئے پھرتے ہیں

مہ جبیں ہیں انہیں بندیا کی ضرورت کیا ہے

کیوں وہ مہتاب پہ مہتاب لئے پھرتے ہیں

کیا گزرتی ہے دلوں پر یہ خدا ہی جانے

لوگ چہرے بڑے شاداب لئے پھرتے ہیں

دل کے تاروں سے چلے چھیڑ ترنم کے لئے

ہم جو اشعار کی مضراب لئے پھرتے ہیں

بادباں کا ہے نہ پتوار کا محتاج نقیبؔ

اس کی کشتی کو جو گرداب لئے پھرتے ہیں

مزید غزلیں از فصیح اللہ نقیب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں