فاطمہ زہرہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نور ہی نور ہے خیالوں میں (غزل)
نور ہی نور ہے خیالوں میں
کون ہے ذہن کے اجالوں میں
زندگی کیا جواب دوں تجھ کو
تو نے الجھا دیا سوالوں میں
صبح کا نور ہے ترا چہرہ
شام کا رنگ تیرے بالوں میں
اپنی گم گشتہ منزلوں کے نقوش
ہم نے ڈھونڈے ہیں جلتے چھالوں میں
میں نے جو سچ تھا کہہ دیا زہراؔ
ڈھونڈیئے اب اسے حوالوں میں
پیار کا رنگ اور گہرا ہو گیا (غزل)
پیار کا رنگ اور گہرا ہو گیا
اس کا لہجہ میرے جیسا ہو گیا
اونگھتا رہتا ہے شب بھر میرے ساتھ
کیا مرا کمرہ بھی بوڑھا ہو گیا
میں نے گھر چھوڑا تو کیا غم ساتھ تھا
گھر کا سناٹا اکیلا ہو گیا
ٹوٹتے لمحے صدا دیتے رہے
وقت جیسے گونگا بہرا ہو گیا
تھا جو زہرا عمر بھر کا رازداں
چائے کی پیالی میں اس کا ہو گیا
صبح کا جواں سورج (نظم)
صبح کا جواں سورج
چہچہے پرندوں کے
آنکھ کھولتی کلیاں
ہنستے کھیلتے بچے
زندگی کی رونق ہیں
زندگی کے میلے میں
ہر خوشی انہیں سے ہے
ان کی مسکراہٹ سے
چاندنی بکھرتی ہے
دلہنوں سی یہ دھرتی
اور بھی نکھرتی ہے
بھر کے مانگ میں تارے
رات بھر سے آتی ہے
درد و غم کے ماروں کو
گود میں سلاتی ہے
شب کے ختم ہوتے ہی
پھر سویرا ہوتا ہے
پھر وہی حسیں منظر
دل کے داغ دھوتا ہے
پھر جواں جواں محفل
پر دلوں کے پیمانے
وقت روز لکھتا ہے
زندگی کے افسانے