فاطمہ حسن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیا کہوں اس سے کہ جو بات سمجھتا ہی نہیں (غزل)
کیا کہوں اس سے کہ جو بات سمجھتا ہی نہیں
وہ تو ملنے کو ملاقات سمجھتا ہی نہیں
ہم نے دیکھا ہے فقط خواب کھلی آنکھوں سے
خواب تھی وصل کی وہ رات سمجھتا ہی نہیں
میں نے پہنچایا اسے جیت کے ہر خانے میں
میری بازی تھی مری مات سمجھتا ہی نہیں
رات پروائی نے اس کو بھی جگایا ہوگا
رات کیوں کٹ نہ سکی رات سمجھتا ہی نہیں
شاعری کا کوئی انداز سمجھتا ہے انہیں
وہ محبت کی روایات سمجھتا ہی نہیں
پھر یوں ہوا کہ زندگی میری نہیں رہی (غزل)
پھر یوں ہوا کہ زندگی میری نہیں رہی
اس کی نہیں رہی تو کسی کی نہیں رہی
وہ ہم سفر تھا کشتی پہ مانجھی بھی تھا وہی
دریا وہی ہے میں بھی ہوں کشتی نہیں رہی
بدلا جو اس کا لہجہ تو سب کچھ بدل گیا
چاہت میں ڈھل کے جیسی تھی ویسی نہیں رہی
پیڑوں میں چھاؤں پھول میں خوشبو ہے اپنا رنگ
ویرانی بڑھ گئی ہے کہ بستی نہیں رہی
کچے مکان جیسے گھروندے سے کھیلتی
پختہ ہوا جو صحن تو مٹی نہیں رہی
اک اعتراف عشق تھا جو کر نہیں سکی
خاموش اس لیے ہوں کہ سچی نہیں رہی
مناظر خوبصورت ہیں (نظم)
مناظر خوبصورت ہیں
چلو چھو کر انہیں دیکھیں
انہیں محسوس کرنے کے لیے
آنکھوں کو رکھ دیں نرم سبزے پر
لبوں کو سرخ پھولوں پر
ہوا میں خوشبوؤں کا لمس
جو گردن کو چھوتا ہے
اسے سارے بدن پر پھیل جانے دیں
جہاں پر پاؤں پڑتے ہیں
وہاں تلووں سے شبنم کی نمی آنکھوں تلک آئے
تو پھر سبزے پہ رکھی آنکھ سے پیروں تلک پہنچے
انہیں میں جذب ہو جاؤں
کسی بے حد حسیں منظر میں
گہری نیند سو جاؤں،