پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فاطمہ حسینی کی غزلیں — Fatima Husaini Makhfi Ghazals

فاطمہ حسینی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زخم راضی رہے نشتر کی پذیرائی کو (غزل)

زخم راضی رہے نشتر کی پذیرائی کو

آپ آئے ہی نہیں کار مسیحائی کو

فہم ہستی نہ کہیں وہم و گماں ہو جائے

رخ سے پردہ جو اٹھا دیں وہ شناسائی کو

ہوشمندی کا تقاضا ہے تو پھر یوں کیجے

آپ آنکھوں سے چرا لیجیے بینائی کو

تجھ پہ تف ہے کہ تجھے حسن کا عرفان نہیں

تو نے آوارہ سمجھ رکھا ہے لیلائی کو

سوزن و خار سے وابستہ ہے ہر ریشۂ دل

عشق اک سرخ قبا مانگے ہے زیبائی کو

دامن خار سے لپٹی ہیں ہزاروں کلیاں

کچھ تحفظ بھی یہاں چاہیے رعنائی کو

سلوٹوں سے مرے بستر کی عیاں ہو جاتی

ٹوٹنے دیتے اگر خواب میں انگڑائی کو

ساتھ کھیلی تھی کبھی آنکھ مچولی ہم نے

آج بھی ڈھونڈ رہے ہیں اسی انگنائی کو

اپنی صورت میں چھپا رکھی ہے مخفیؔ صورت

آئنہ قید کیے بیٹھا ہے ہرجائی کو

مجھے یقین کی صورت وہ دستیاب نہیں (غزل)

مجھے یقین کی صورت وہ دستیاب نہیں

گماں پہ صبر بھی یوں ہے کہ اضطراب نہیں

سراب دشت جنوں آبلے کسک دل کی

مرا نصیب ہیں سب میرا انتخاب نہیں

ہمارا عشق مزاجاً جنون پرور ہے

یہاں نہ ڈھونڈ ہمارا یہاں جواب نہیں

جو خواب بن کے اترتا نہیں ہے آنکھوں میں

وہی تو میری حقیقت ہے میرا خواب نہیں

کشید کر لے جو آنکھوں سے شبنمی قطرے

ترے لبوں پہ وہ کھلتا ہوا گلاب نہیں

وہ آنکھ بھر کے مجھے دیکھنے پہ مائل ہے

کہاں چھپوں کوئی پردہ کوئی حجاب نہیں

عجب ہے نامۂ الفت عجب ہیں تحریریں

پیام مخفیؔ بھی ہے اور انتساب نہیں

مزید غزلیں از فاطمہ حسینی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں