پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فاطمہ مہرو کی غزلیں — Fatima Mehru Ghazals

فاطمہ مہرو کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لگتا ہے مگر آنکھ کا دھوکہ نہیں ہوتا (غزل)

لگتا ہے مگر آنکھ کا دھوکہ نہیں ہوتا

ہوتا ہے کبھی وہ بھی جو سوچا نہیں ہوتا

بھجوائے کبھی پھول تو خود آتا نہیں ہے

خود آئے تو بڑھ کر کوئی تحفہ نہیں ہوتا

ہوتا ہے ہزاروں میں کوئی ایک یہاں یوں

ہونے سے جہاں جس کے اکیلا نہیں ہوتا

کچھ بیلوں کی بنتی نہیں بارش سے زیادہ

کچھ باتوں پہ رونا کبھی اچھا نہیں ہوتا

ہم ریت پہ لکھ لیتے ہیں ہر زخم کی تاریخ

اگلے کا نمکدان بھی گیلا نہیں ہوتا

اب کس کے لیے کرتے یا ساڑی کا تکلف

اب ایسی خریداری پہ خرچہ نہیں ہوتا

کام آتے ہیں اکثر وہی فہرست میں نمبر

کام آنے کی خاطر جنہیں رکھا نہیں ہوتا

جہاں کہیں سے وہ گلفام سا نکلتا ہے (غزل)

جہاں کہیں سے وہ گلفام سا نکلتا ہے

مرا وہیں پہ کوئی کام سا نکلتا ہے

وہ چاند جھانکتا پھرتا ہے کھڑکیاں ایسے

کہیں دریچہ کہیں بام سا نکلتا ہے

مری کرن تو اسے صبح کرنا چاہتی ہے

وہ آفتاب کہ بس شام سا نکلتا ہے

ہر ایک شخص کو جادو سے خاص کرتی ہوں

حصار توڑ کے پھر عام سا نکلتا ہے

بلٹ تو چل نہیں سکتی ہر ایک بات پہ اب

سو منہ سے لفظ ہی دشنام سا نکلتا ہے

کیا تم وہ اداسی دور کر سکتے ہو (نظم)

کیا تم وہ اداسی دور کر سکتے ہو

جو سارے آئنے توڑ دینے کے بعد

دیواروں میں گھس جاتی ہے

کیا تم وہ دھواں باہر نکال سکتے ہو

جو ساری تصاویر جلانے کے بعد

حلق میں بھر جاتا ہے

کیا تم اس گلدان کو جوڑ سکتے ہو

جو کسی جانے والے نے ہاتھ سے گرا دیا ہو

کیا تم وہ آوازیں واپس لا سکتے ہو

جو کسی موڑ کے آغاز پر غائب ہو جاتی ہیں

کیا تم کوئی ایسی چیز

ایجاد کر سکتے ہو

جس سے میں دریافت کر لی جاؤں

مزید غزلیں از فاطمہ مہرو ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں