فاطمہ محتشم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رکھا ہے جیسے تیسے ہی خود کو سنبھال کر (غزل)
رکھا ہے جیسے تیسے ہی خود کو سنبھال کر
اک شخص لے گیا تھا کلیجہ نکال کر
پہروں بچھڑ گیا تو کبھی آ گلے ملا
وہ روح پھونکتا ہے مرا دم نکال کر
اپنی تباہیوں پہ جسے خوب ناز تھا
دیکھو تو رو رہا ہے وہی دل سنبھال کر
اک کچی عمر سے جسے میں سوچتی رہی
وہ خود بدل گیا مجھے سانچے میں ڈھال کر
اب اہل ظرف لوگ نہیں ہیں زمانے میں
تم دل لگانا اپنا ذرا دیکھ بھال کر
ہم جن کو پوجتے تھے کبھی عزم کی طرح
بیٹھے ہیں وہ ہی لوگ تو خنجر نکال کر
میرے جذبات کی شدت مجھے لے ڈوبے گی (غزل)
میرے جذبات کی شدت مجھے لے ڈوبے گی
میری حساس طبیعت مجھے لے ڈوبے گی
مجھ کو لے ڈوبیں گے پتھر کے خدا ہی سارے
سر جھکانے کی یہ عادت مجھے لے ڈوبے گی
اشک آنکھوں میں چھپاتی ہوں تو دم گھٹتا ہے
مسکرانے کی یہ عادت مجھے لے ڈوبے گی
جو مرا تھا ہی نہیں اور نہ ہوگا میرا
اس کو پانے کی یہ حسرت مجھے لے ڈوبے گی
میں سمٹتی ہی رہوں گی یوں ہی اپنے اندر
اس کی بے باک طبیعت مجھے لے ڈوبے گی
کتنا آسان ہے اس دور میں شہرت پانا
اور اب اپنی ہی غیرت مجھے لے ڈوبے گی
چراغ راہ بن کر زندگی آسان کرتے ہیں (نظم)
چراغ راہ بن کر زندگی آسان کرتے ہیں
اندھیروں کا مسلسل یہ بڑا نقصان کرتے ہیں
جہالت سے ہٹا کر صاحب ایمان کرتے ہیں
اگر دیکھو تو ہم پر کس قدر احسان کرتے ہیں
لہو بھی سینچ دیتے ہیں ہماری آبیاری میں
ہمیں یہ دن بہ دن بہتر نیا انسان کرتے ہیں
کبھی ہم میں تراشیں وہ نقوش ذات کے موتی
کبھی اپنے ہنر سے خود ہمیں حیران کرتے ہیں