فاطمہ نوشین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تیرے صدقے بھلا نا چیز یہ وارے کیا کیا (غزل)
تیرے صدقے بھلا نا چیز یہ وارے کیا کیا
تو نے دھرتی پہ اتارے ہیں ستارے کیا کیا
اس شرافت کو لگے آگ سمجھ ہی نہ سکے
ورنہ ملتے رہے ہم کو بھی اشارے کیا کیا
تجھ سے وابستہ محبت کو قرار آنے لگا
ہم نے دیکھے تری قربت میں خسارے کیا کیا
ایک لمحے کو ہوا خود پہ حقیقت کا گماں
تو نے مٹی پہ خدا نقش ابھارے کیا کیا
ہجر پر اس نے مجھے راضی کیے رکھا ہے
اور اشعار مرے دل پہ اتارے کیا کیا
تیری تسکین کو بدنام ہوئی ہوں مرے ذوق
چہرے بدلے کئی اور روپ ہیں دھارے کیا کیا
اک طرف چاک پہ کوزے کو گھمانے کا ہنر (غزل)
اک طرف چاک پہ کوزے کو گھمانے کا ہنر
اک طرف ہاتھ پہ روٹی کو بڑھانے کا ہنر
کبھی لہجے پہ خفا تو کبھی کردار پہ شک
تم نے سیکھا ہی نہیں عشق کمانے کا ہنر
تم نے پہنا ہی نہیں میرا پسندیدہ لباس
تم کو آیا ہی نہیں پاس بلانے کا ہنر
اس نے تصویر کو صوفے کے مقابل ٹانگا
خوب آتا ہے اسے کمرہ سجانے کا ہنر
میری ماں نے تو کہا تھا کہ یہ کافی ہوگا
تم کو آ جائے اگر روٹی بنانے کا ہنر