پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فاطمہ تاج کی غزلیں — Fatima Taj 1 Ghazals

فاطمہ تاج کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مہاجر ہیں رہنے کو گھر مانگتے ہیں (غزل)

مہاجر ہیں رہنے کو گھر مانگتے ہیں

یہ کیا ہم سے اہل سفر مانگتے ہیں

بہت پی چکے ہیں شفق کا لہو ہم

نیا ایک جام سحر مانگتے ہیں

ترا نقش پا گر نہیں ہے تو کیا غم

حوادث مری رہ گزر مانگتے ہیں

غنیمت ہیں ٹوٹے ہوئے آئنے بھی

یہ پتھر تو دست ہنر مانگتے ہیں

ہے زندہ قفس میں چمن کی تمنا

عزائم مرے بال و پر مانگتے ہیں

نظاروں کے پردے اٹھا کر تو دیکھو

نظارے بھی حسن نظر مانگتے ہیں

سبق دے رہے تھے جو ضبط الم کا

وہی تاجؔ سوز جگر مانگتے ہیں

عروج درد تمنا ہے اب تو آ جاؤ (غزل)

عروج درد تمنا ہے اب تو آ جاؤ

ہمارا دل یہی کہتا ہے اب تو آ جاؤ

نہیں ہے صحن گلستاں میں کوئی ہنگامہ

ہجوم شوق تمنا ہے اب تو آ جاؤ

کھلے ہیں پھول کئی آرزو کے گلشن میں

بس انتظار تمہارا ہے اب تو آ جاؤ

کبھی کبھی تو حسیں چاندنی بھی چبھتی ہے

کرن کرن میں اندھیرا ہے اب تو آ جاؤ

نہ جانے عمر کہاں یہ تمام ہو جائے

ابھی حیات کا لمحہ ہے اب تو آ جاؤ

ہم اپنے دل کے اندھیروں سے خود پریشاں تھے

چراغ شوق جلایا ہے اب تو آ جاؤ

نہ ساتھ دے گی تمہارا بھی تاجؔ تنہائی

ہمارے ساتھ یہ دنیا ہے اب تو آ جاؤ

نکل گئی ہوں زمیں کی حد سے (نظم)

نکل گئی ہوں زمیں کی حد سے

فلک کی جانب رواں ہوئی ہوں

میں مثل شعلہ ہوئی ہوں پھر بھی

زمانہ سمجھا دھواں ہوئی ہوں

چراغ خانہ چراغ محفل

ہر اک جگہ میں عیاں ہوئی ہوں

فنا کے کتبے بہت ہیں لیکن

تری بقا کا نشاں ہوئی ہوں

مزید غزلیں از فاطمہ تاج ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں