پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فاطمہ وصیہ جائسی کی غزلیں — Fatima Wasia Jayasi Ghazals

فاطمہ وصیہ جائسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بادشاہ وقت کوئی اور کوئی مجبور کیوں (غزل)

بادشاہ وقت کوئی اور کوئی مجبور کیوں

بن گیا ہے اک زمانے کا یہی دستور کیوں

ہے بقا کے ساتھ تو نام فنا بھی لازمی

آپ اتنی بے ثباتی پر ہوئے مغرور کیوں

دھوپ میں پانی میں سردی میں ہوا کے ساتھ ساتھ

جان اپنی دے رہا ہے آج بھی مزدور کیوں

یہ تو دنیا ہے نہ بدلی ہے نہ بدلے گی کبھی

غور کرنے کے لئے پھر آپ ہیں مجبور کیوں

اپنی شہرت کے لئے اس نے تو کچھ سوچا نہیں

ہو گئی لیکن وصیہؔ کی غزل مشہور کیوں

رو بھٹکنے لگے جب خیالات کی (غزل)

رو بھٹکنے لگے جب خیالات کی

منزلیں ہیں وہیں پر کمالات کی

کس لئے آئے پوچھا ہمیں کس لئے

کیا خبر ہو گئی ان کو حالات کی

ہم تو چپ رہ گئے کچھ کہا بھی نہیں

مسکرا کر اگر اس نے کچھ بات کی

ہے تعجب کہ دامن بھگویا نہیں

آنسوؤں کی مگر اس نے برسات کی

پیار ہی پیار ہو کوئی مطلب نہ ہو

قدر لیکن کہاں ایسے جذبات کی

جن کو پا کر وصیہؔ نہ پھر کھو سکے

ہے تلاش آج بھی ایسے لمحات کی

اقبالؔ نے بخشی ہمیں کردار کی عظمت (نظم)

اقبالؔ نے بخشی ہمیں کردار کی عظمت

اقبالؔ ہے اک پیکر ایمان و صداقت

اپنی بشریت کی بلندی پہ ہے نازاں

تعلیم خودی بھی ہے مگر قائل قرآں

ہیں ذہن میں اسلاف کے سب کار نمایاں

جو شان ہے مومن کی وہ اقبالؔ کا ایماں

بے عزم و عمل کچھ نہیں ملتا ہے کسی کو

معراج بشر صرف یقیں اور تگ و دو

ملاؤں سے بیزار ہے واعظ سے پریشاں

اقبالؔ کا ایمان ہے ہر سمت چراغاں

ہے اس کا یہ ایمان کہ انساں کے لیے ہیں

یہ انجم و مہتاب یہ کہسار یہ نہریں

اقبالؔ نے خوں اپنا بھی ڈالا ہے چمن میں

اقبالؔ نے پھونکی ہے نئی روح بدن میں

اقبال جو ہے امن و مساوات کا حامی

اقبال جو ہے دشمن احساس غلامی

ملت کے لیے گنج گراں مایہ ہے اقبالؔ

اور قوم کا اک قیمتی سرمایہ ہے اقبالؔ

اقبالؔ ہمیں دیتے ہیں تعلیم خودی کی

تفسیر بتاتے ہیں حدیث نبوی کی

اقبالؔ نے سوتے ہوئے لوگوں کو جگایا

قصہ ہمیں اسلاف کی عظمت کا سنایا

انسان کی ٹھوکر میں ہیں یہ کوہ و بیاباں

اقبالؔ بتاتے ہیں ہمیں عظمت انساں

بے عزم و عمل کچھ نہیں یہ خاک کا پیکر

ہمت ہو تو آ جائے گا افلاک سے ہو کر

ہے طور نیا برق نئی شوق نیا ہے

طے ہو کے بھی منزل کا نشاں ہم سے جدا ہے

اقبالؔ کے مسلک کو بنائے ہوئے رہبر

سوچا ہے وصیہؔ نے کہ اس راہ پہ چل کر

تعلیم یقیں عزم و عمل عام کریں گے

زندہ ہیں تو اک پل بھی نہ آرام کریں گے

کوشش عمل نیک کی ہوگی سحر و شام

جذبہ ہو تو مشکل نہیں دنیا میں کوئی کام

مزید غزلیں از فاطمہ وصیہ جائسی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں