پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فتوت اورنگ آبادی کی غزلیں — Fattavat Aurangabadi Ghazals

فتوت اورنگ آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا آنکھوں کو نذر اس کی کہا دل ہے سو وہ بہلا (غزل)

کیا آنکھوں کو نذر اس کی کہا دل ہے سو وہ بہلا

ہوا ہوں صرف فرمائش کبھی یہ لا کبھی وہ لا

جو خوش چشموں کی الفت میں دیا برباد جی اپنا

لگاؤ اس کی تربت پر لجا کر نرگس شہلا

گیا ہوں بھول اپنے کو پیام و نامہ کیا بھیجوں

خیال دل کا قاصد ان دنوں میں آہ کیوں چہلا

یہ طفل اشک دامن گیر ہے ہر آن میں مجھ سے

بہانے سے میں لڑکے کو رکھوں کس طرح کر بہلا

تمہیں آرام زنداں میں دوانوں اس سبب سے ہے

دیا زنجیر نیں شاید تمہارے پاؤں کو سہلا

جنوں کے علم کو عالم ہوں میرا رتبہ مت پوچھو

کہ مجنوں درس وحشت کا مرے شاگرد ہے پہلا

پہنا ہو بر میں جامہ مرا گلعذار سرخ (غزل)

پہنا ہو بر میں جامہ مرا گلعذار سرخ

آئی ہے کیا مزے سے چمن میں بہار سرخ

جب سے گرا ہے خون شہیداں کا خاک پر

تب سے ہوا ہے جوش گل لالہ زار سرخ

میں خواب میں ہوا ہوں ہم آغوش گل بدن

کیا دیکھتا ہوں صبح کو ہے گا کنار سرخ

یاں لگ بہے ہے خون مرے اشک چشم سے

بہتے ہیں اب کے سال میں سب جوئبار سرخ

مقتول جو کہ دست حنا بند سے ہوا

رکھتا بجا ہے قبر پہ سنگ مزار سرخ

گل کا خجل ہو رنگ پسینے میں بہہ گیا

گل رو کے عکس رخ سے ہیں اب آبشار سرخ

خون جگر کا حال فتوتؔ میں جب لکھا

مسطر کا ہو گیا ہے ہر اک تار تار سرخ

مزید غزلیں از فتوت اورنگ آبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں