فرزانہ سبطین فرزی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم بار بار شکوۂ تقدیر کیا کریں (غزل)
ہم بار بار شکوۂ تقدیر کیا کریں
ہوگی نہ کارگر کوئی تدبیر کیا کریں
کاتب کو خود ہمارے مقدر پہ ہے ملال
کیا کچھ پڑا ہے سہنا یہ تشہیر کیا کریں
دیکھا ہے جب سے جھانک کے خود اپنے آپ کو
اک مختلف سی مل گئی تصویر کیا کریں
سپنے سہانے سب یہاں بکھرے ہیں ایک ایک
اب خواب کچھ ہو خواب کی تعبیر کیا کریں
مل جائے کاش خضر ہی صحرا نصیب کو
بھٹکے ہوئے ہیں ہم سبھی رہ گیر کیا کریں
کبھی تو حق کی کوئی بات برملا کہئے (غزل)
کبھی تو حق کی کوئی بات برملا کہئے
برا برے کو بھلے کو سدا بھلا کہئے
ہوا کا دیکھیے رخ کون کتنا بدلا ہے
قصور کس کا ہے میرا کہ آپ کا کہئے
بیاں کا فرق ہے ورنہ وہی ہے کیفیت
بجھا بجھا نہ سہی دل جلا جلا کہئے
تمہارے بعد نہ کی کوئی آرزو میں نے
اگر ہو دیکھا کبھی دل کا در کھلا کہئے
کوئی کمی سی جو ہر موڑ پر ہوئی محسوس
جسے نہ پر کوئی کر پایا وہ خلا کہئے
حیات و موت کے اسرار کون سمجھا ہے
اسے ازل سے ابد تک کا سلسلہ کہئے
ہے لا علاج یہ آزاد عشق اے فرضیؔ
علاج اس کا کسی سے بھی کب ہوا کہئے
اپنی تنہائی مجھے اچھی لگی (نظم)
اپنی تنہائی مجھے اچھی لگی
میں نے چاہا ہے اسے
اور پایا بھی اسے
اپنے روز و شب میں اکثر ہے بسایا بھی اسے
اسی نے دی ہیں مجھ کو ایسی خلوتیں
جن میں رہ کر
میں کبھی تنہا نہیں
ساتھ میرے انگنت ایسے احساسات ہیں
جن سے حاصل ہے
مری تنہائیوں کو اک سکوں
اک رفاقت
غم گساری
رہنمائی
رہبری
پا کے میں احساس کے اس قرب کو
رہ کے تنہا بھی نہیں تنہا رہی
میری تنہائی مری ہمدم مری دم ساز ہے
اس کے خال و خط سے میں اچھی طرح واقف نہیں
نام بھی مخصوص اس کو
کوئی دے سکتی نہیں
پھر بھی اس سے میں بہت مانوس ہوں
سینکڑوں سینوں کی دھڑکن
سینکڑوں آواز کو
سن رہی ہوں اس طرح
جیسے اک نغمہ کوئی
یا ہو بہتے پانی کا اک شور سا
جس کے شور و غل میں اب
کھو گئی جانے کہاں
مجھ کو تنہائی مری اچھی لگی
پیاری لگی