پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فرزانہ پروین کی غزلیں — Farzana Parveen 1 Ghazals

فرزانہ پروین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میرے جیسا کوئی اپنا نہیں پایا ہوگا (غزل)

میرے جیسا کوئی اپنا نہیں پایا ہوگا

چاند کو دکھڑا تبھی اس نے سنایا ہوگا

گفتگو ہنس کے وہ کرتا ہے ہر اک سے لیکن

درد دل کا کبھی لہجے میں بھی آیا ہوگا

میری یادیں تو دریچوں سے بھی جا سکتی ہیں

قفل تو اس نے در دل پہ لگایا ہوگا

روک پاتا وہ امڈتا ہوا دریا کب تک

لگ کے دیوار سے اشک اس نے بہایا ہوگا

مجھ کو معلوم ہے خود سے وہ لڑا ہوگا بہت

بڑی مشکل سے مرا نقش مٹایا ہوگا

سینکڑوں کرچیاں آنکھوں میں چبھی ہوں گی تری

ٹوٹے خوابوں کا جنازہ جو اٹھایا ہوگا

وعدے جو مجھ سے کئے اس نے سبھی توڑ دئے

نہ سہی مجھ سے کسی سے تو نبھایا ہوگا

میں منتظر ہوں تو کر ہجر کا گلہ تو سہی (غزل)

میں منتظر ہوں تو کر ہجر کا گلہ تو سہی

گزارے کیسے شب و روز یہ بتا تو سہی

میں ہم قدم ہی نہیں ہم سفر بھی ہوں تیری

میں اپنا ہاتھ بڑھاؤں گی لڑکھڑا تو سہی

پگھل نہ جاؤں ترے جذبوں کی تپش سے میں

نگاہیں اپنی مرے چہرے سے ہٹا تو سہی

لحاظ پچھلے تعلق کا اس نے کچھ تو کیا

مری صدا پہ وہ پل بھر کو ہی رکا تو سہی

میں اپنے شعروں کے پیکر میں ان کو ڈھالوں گی

تو اپنا حال غم دل کبھی سنا تو سہی

طلب نہیں نئے قول و قرار کی مجھ کو

کیا تھا مجھ سے جو وعدہ کبھی نبھا تو سہی

میں کیسے کہہ دوں کہ الفت میں کچھ نہیں پایا

ملا نہ وہ نہ سہی اس کا غم ملا تو سہی

سنو جاناں (نظم)

سنو جاناں

میں اکثر مسکراتی ہوں

ہمیشہ شاد رہتی ہوں

سدا ہنستی چہکتی ہوں

سبھی سے ہنس کے ملتی ہوں

نئے کپڑے پہنتی ہوں

بہت سجتی سنورتی ہوں

مگر جاناں

میں تم سے اب

اجازت چاہتی ہوں

اس قسم سے

خود کو اب آزاد کرنے کی

بڑی ہی عاجزی کے ساتھ جو تم نے

مرے ہاتھوں کو اپنے ہاتھ میں لے کر

دم رخصت دلائی تھی

کہ ہنسنے مسکرانے کی

ہمیشہ خوش نظر آنے کی

اب مجھ سے اداکاری نہیں ہوگی

مزید غزلیں از فرزانہ پروین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں