فرزانہ ناز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم بیٹھے ہیں آس لگائے (غزل)
ہم بیٹھے ہیں آس لگائے
اس کی مرضی آئے نہ آئے
کیسا خواب اور نیند کہاں کی
مدت ہو گئی آنکھ لگائے
میرا پتا نہ دینا اس کو
وہ جب مجھ کو ڈھونڈنے آئے
اس کا برف سا چرنے من میں
اک انجانی آگ لگائے
جس رستے بھی جائیں محبت
راہ میں بیٹھی گھات لگائے
کون بھلا آزمائے کسی کو
کون بھلا اب دیا بجھائے
خوشیاں پل دو پل کی ساتھی
غم ہی ہمیشہ ساتھ نبھائے
اب تو آ جا دیر ہوئی ہے
دیکھ ذرا تو شام کے سائے
چلی ہے یہ کیسی ہوا خوب صورت (غزل)
چلی ہے یہ کیسی ہوا خوب صورت
کہ دل کا یہ موسم ہوا خوب صورت
یہ دنیا بنائی ہے کیا خوب صورت
کہ خود ہوگا کتنا خدا خوب صورت
گھڑی دو گھڑی ہی جلا ہے دیا
ہاں لیکن جلا ہے دیا خوب صورت
کہانی محبت کی کچھ بھی نہیں
بناتی ہے اس کو وفا خوب صورت
کسی کی طرف یہ نظر اٹھ گئی
یہ کس کا ہے چہرہ نیا خوب صورت
وہ آئیں تو بیمار اچھا بھی ہو
مرض خوب صورت دوا خوب صورت
پڑی جو نظر چاند پر دفعتاً
مرے لب پہ آئی دعا خوب صورت
اب کے ہم نے سوچا ہے (نظم)
اب کے ہم نے سوچا ہے
جس نے بھی رلایا ہو
لاکھ دل دکھایا ہو
مسکرا کے ملنا ہے
اب کسی امید کا
محل کھڑا نہیں کرنا
خود سے اب نہیں لڑنا
تم سے کچھ نہیں کہنا
اب گلہ نہیں کرنا
یاد کے کنارے اور
خواب کے جزیرے تو
کب ہیں اختیار میں
ہاں مگر حقیقت کے
راستوں پہ بھول کر
تم سے اب نہیں ملنا
جھیل جیسی آنکھوں کو
نمکین پانیوں کے ساتھ
اب کبھی نہیں بھرنا