پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فرزانہ نیناں کی غزلیں — Farzana Nainan Ghazals

فرزانہ نیناں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

روز دیکھا ہے شفق سے وہ پگھلتا سونا (غزل)

روز دیکھا ہے شفق سے وہ پگھلتا سونا

روز سوچا ہے کہ تم میرے ہو میرے ہو نا

میں تو اک کانچ کے دریا میں بہی جاتی ہوں

کھنکھاتے ہوئے ہم راز مجھے سن لو نا

میں نے کانوں میں پہن لی ہے تمہاری آواز

اب مرے واسطے بیکار ہیں چاندی سونا

میری خاموشی کو چپکے سے سجا دو آ کر

اک غزل تم بھی مرے نام کبھی لکھو نا

روح میں گیت اتر جاتے ہیں جیسے خوشبو

گنگناتی سی کوئی شام مجھے بھیجو نا

چاندنی اوس کے قطروں میں سمٹ جائے گی

تیرگی صبح سویرے میں کہیں کھو دو نا

پھر سے آنکھوں میں کوئی رنگ سجا لوں نیناںؔ

کب سے خوابوں کو یہاں بھول گئی تھی بونا

آدھی رات کے سپنے شاید جھوٹے تھے (غزل)

آدھی رات کے سپنے شاید جھوٹے تھے

یا پھر پہلی بار ستارے ٹوٹے تھے

جس دن گھر سے بھاگ کے شہر میں پہنچی تھی

بھاگ بھری کے بھاگ اسی دن پھوٹے تھے

مذہب کی بنیاد پہ کیا تقسیم ہوئی

ہم سایوں نے ہم سایے ہی لوٹے تھے

شوخ نظر کی چٹکی نے نقصان کیا

ہاتھوں سے چائے کے برتن چھوٹے تھے

اوڑھ کے پھرتی تھی جو نیناںؔ ساری رات

اس ریشم کی شال پہ یاد کے بوٹے تھے

مزید غزلیں از فرزانہ نیناں ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں