پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فرزانہ اعجاز کی غزلیں — Farzana Ejaz Ghazals

فرزانہ اعجاز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گھر نہ در کچھ نہیں رہا محفوظ (غزل)

گھر نہ در کچھ نہیں رہا محفوظ

ہے غنیمت کہ سر رہا محفوظ

لٹ گیا دل تو کیا رہا محفوظ

ان کا غم میرا حوصلہ محفوظ

رہنماؤں کی ہم کو حاجت کیا

ہم نے رکھا ہے حوصلہ محفوظ

عشق پیہم سے چشم پر نم سے

کوئی دنیا میں کب رہا محفوظ

ہم کو منکر نہ تو سمجھ واعظ

دل میں ہر سمت ہے خدا محفوظ

آپ پر مٹ کے ہم رہے گمنام

آپ کی ہر ادا ادا محفوظ

بار بار ان کے در پہ جانے سے

فاصلوں نے ہمیں رکھا محفوظ

اب کی کیسی چلی یہ باد سموم

جان محفوظ نہ ردا محفوظ

آج اک جام خاص میرے نام

میرے ساقی نے رکھ لیا محفوظ

ٹوٹ کر ہم بکھر گئے ہوتے

جو نہ رکھتے یہ حوصلہ محفوظ

ہر ہزیمت کے بعد فرزانہؔ

دل بچارا کہاں رہا محفوظ

ابھی تک یاد ہے مجھ کو مرا سرشار ہو جانا (غزل)

ابھی تک یاد ہے مجھ کو مرا سرشار ہو جانا

نظر کا ناگہاں اٹھنا ترا دیدار ہو جانا

مری ہستی کا حاصل بن گیا وہ قیمتی لمحہ

وہ اک ٹک دیکھنا ان کا مرا گلنار ہو جانا

وہی لمحہ غنیمت جانیے جو ہنس کے کٹ جائے

سکوں کھونا ہے یکسر زندگی کا بار ہو جانا

ابھی کل کھیلتے پھرتے تھے آنکھیں میچ کر ہم تم

تمہیں سے پڑ رہا ہے اب ہمیں ہشیار ہو جانا

نئی خواہش ہر اک لمحہ تمنا چاند چھونے کی

ہمکنا دل کا سینے میں مرا بیزار ہو جانا

نہ دل میں جذبۂ ایماں نہ سودا سرفروشی کا

تو پھر کیوں چاہتے ہو آگ کا گلزار ہو جانا

دبی ہے پھر کوئی صحن چمن میں آج چنگاری

جو تم جانا گلستاں میں ذرا ہشیار ہو جانا

جو دل کا امتحاں چاہو تو پھر کچا گھڑا لا دو

وفا میں ڈوب جانا ہے ندی کے پار ہو جانا

کہاں تک ساتھ دے گا جذبۂ ایثار فرزانہؔ

لہو دینا چمن کو اور پس دیوار ہو جانا

مزید غزلیں از فرزانہ اعجاز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں