پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انفال رفیق کی غزلیں — Anfal Rafiq Ghazals

انفال رفیق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کچھ بچانے کے لیے عمر گنواتے ہوئے لوگ (غزل)

کچھ بچانے کے لیے عمر گنواتے ہوئے لوگ

خرچ ہو جائیں گے یہ خواب کماتے ہوئے لوگ

بھول جاتے ہیں کہ اب یاد نہیں رکھنا مجھے

میرا قصہ مجھے آ آ کے سناتے ہوئے لوگ

اک توقع کا بہر حال بھرم رکھتے ہیں

روٹھنے والوں کو ہر بار مناتے ہوئے لوگ

چھوڑ جائیں گے کسی دن یہ بتاتے ہی نہیں

یہ بتاتے ہی نہیں اپنا بناتے ہوئے لوگ

تیری دہلیز پہ کچھ پھول نہیں خود کو بھی

چھوڑ آتے ہیں ترے شہر سے جاتے ہوئے لوگ

ہر تعلق میں یہی خوف کہ بس اب کے گیا

ہم فصیلوں کی دراڑوں کو چھپاتے ہوئے لوگ

سو نہیں پائیں گے کمرے میں اندھیرا کر کے

جاگتی آنکھ میں منظر کو سلاتے ہوئے لوگ

خوش لباسی بھی ہے پردہ کسی محرومی کا

جسم سے روح کے آزار چھپاتے ہوئے لوگ

کسی کی آنکھ سے دیکھا ہوا منظر بناتے ہیں (غزل)

کسی کی آنکھ سے دیکھا ہوا منظر بناتے ہیں

اگرچہ اس طرح بنتا نہیں ہے پر بناتے ہیں

کبھی ہوگی نہیں ہوگی اگر ہوگی تو کب ہوگی

وہ اک دستک کہ جس کے واسطے ہم در بناتے ہیں

سمندر کی طرف جس میں کھلی رہتی ہو اک کھڑکی

ہم ایسے لوگ خوابوں میں ہی ایسا گھر بناتے ہیں

کبھی اس دل کو آئینہ بنایا تھا ترے ہوتے

سو تیرے لوٹ آنے تک اسے پتھر بناتے ہیں

اگر آنکھیں بنانا ہوں تو پہلے دل ضروری ہے

اگر پاؤں بنانا ہوں تو پہلے سر بناتے ہیں

نجانے کس طرف سے اب وہ دستک دینے آ جائے

ہر اک جانب سے دیواریں گرا کر در بناتے ہیں

اسی کے گرد رکھا ہے مدار اپنے خیالوں کا

وہی تو ہے جسے ہم ذات کا محور بناتے ہیں

ہمیں بننے سنورنے کی ضرورت ہی نہیں پڑتی

تری آنکھوں کے آئینے ہمیں سندر بناتے ہیں

اسی ڈر سے کسی بھی نقش پر محنت نہیں کرتے

کہ بالآخر بگڑ جاتا ہے جو بہتر بناتے ہیں

کسی نیلی ندی کے سرخ ہوتے پانیوں کے اک کنارے پر (نظم)

کسی نیلی ندی کے سرخ ہوتے پانیوں کے اک کنارے پر

تمہاری اور اپنی آنکھوں میں گھلتی ہوئی اک شام کا منظر سجانا ہے

ہوا کے نرم رو جھونکے کے لہجے میں

شفق کے سرمئی ہوتے ہوئے لفظوں میں تم سے بات کرنی ہے

ضروری تو نہیں وہ لفظ محتاج بیاں بھی ہوں

ضروری تو نہیں یہ بھی کہ تم موجود ہو اس پل

تمہارا ہونا بس میرے تصور میں ضروری ہے

کہیں پانی میں اپنے عکس یوں چلتے دکھائی دیں

کہ جیسے نیلے تھالوں میں دیے جلتے دکھائی دیں

دیے ایسے کہ جن کی روشنی میں چاند تارے ڈھونڈیں اپنے

دائروں کے بے نشاں رستے

تو جب رات اپنے گیسو کھول کر شانوں پہ پھیلا لے

تمہاری ضو فشانی ہی

شب تاریک میں مجھ کو سراسیمہ نہ ہونے دے

تمہاری آنکھوں میں لو دیتے جگنو میرے باطن کو

ضیا و نور سے بھر دیں

بس ایسے میں تمہارے ساتھ کچھ لمحے بتانے ہیں

تمہاری روشن آنکھوں کے غزل جیسے تکلم پر

مجھے اک نظم کہنی ہے

کئی خوابوں کی سطریں جو ادھوری ہیں

کہیں خواہش کا بنتا ٹوٹتا اک پر اثر مصرع

مکمل سب کو کرنا ہے

مگر یہ یاد رکھنا ہے

تمھارے ہجر کے لمحوں کو صدیوں کی تڑختی انگلیوں کے زخمی پوروں پر بھی گننا ہے

کئی بے سمت رستوں سے کسی منزل کو جانا ہے

کسی دکھ کو خود اپنی ہی خوشی سے کم بتانا ہے

پھر اس پر مسکرانا ہے

اسی دو جذبی لمحے میں

تمہاری اور اپنی آنکھوں کے خوابوں پہ اک دیوار سی تعمیر کرنی ہے

لکیر اک کھینچنی ہے جو

جدا کر دے ہمارے راستے لیکن

ہماری ایک منزل ہو

مزید غزلیں از انفال رفیق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں